نظام آباد میں بی آر ایس کی انتخابی مہم

   

نظام آباد ۔ 2 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آرایس پارٹی کے حلقہ لوک سبھا امیدوار باجی ریڈی گوردھن کے انتخابی مہم کا توسیعی اجلاس بی آرایس پارٹی کے آفس میں منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں رکن اسمبلی بالکنڈہ پرشانت ریڈی ، امیدوار باجی ریڈ ی گوردھن ، مئیر نیتو کرن ، ضلع پریشد چیرمین وٹھل رائو ، سابق ڈپٹی مئیر میر مجاز علی کے علاوہ دیگر اہم قائدین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مسٹر پرشانت ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار اروند اور موجودہ کانگریسی امیدوار جیون ریڈی نے بی جے پی کے حق میں کام کیا تھا اور کے کویتا کو ناکام بنانے کیلئے اہم رول ادا کیا ۔ انہوں نے رکن اسمبلی بودھن سدرشن ریڈی پر بھی الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اروند کی کامیابی میں سدرشن ریڈی بھی اہم رول ادا کریں گے چیف منسٹر پارلیمنٹ انتخابات میں کانگریس کے قائدین کی ناکامی یقینی کی رپورٹ کی بنیاد پر بی آرایس پارٹی کے قائدین کو کانگریس میں شامل کررہے ہیں 115 دن کے اقتدار میں ایک بھی اعلان پر عمل نہیں کیا گیا اس موقع پر سابق رکن اسمبلی گنیش گپتا نے اپنی تقریر میں کہا کہ بی آرایس امیدوار ایک تجربہ کار سیاستداں ہیں یہ متحدہ ضلع کے آرمور بانسواڑہ نظام آباد رورل سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے عوام کے دلوں میں جگہ بنائی ہے ۔ انہوں نے عوام سے باجی ریڈی گوردھن کو کامیاب بنانے کی خواہش کی ۔ اس جلسہ کو مئیر نیتو کرن ، ضلع پریشد چیرمین وٹھل رائو ، سابق ڈپٹی مئیر میر مجاز علی ،ضلع اقلیتی سیل کے صدر نوید اقبال کے علاوہ دیگر نے بھی مخاطب کیا ۔