نظام آباد میں بی جے پی کو شکست دینے کانگریس قائدین متحرک ہوجائیں

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا مشورہ، ضلع کے قائدین اور پارٹی امیدوار کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نظام آباد لوک سبھا حلقہ میں بی جے پی کو شکست دینے کیلئے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو متحرک ہوجانے کا مشورہ دیا ۔ ریونت ریڈی نے آج اپنی قیامگاہ پر نظام آباد لوک سبھا حلقہ سے تعلق رکھنے والے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ پارٹی امیدوار ٹی جیون ریڈی نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور امیدوار بنائے جانے پر اظہار تشکر کیا۔ پارٹی جائزہ اجلاس میں جیون ریڈی کے علاوہ ورکنگ پریسیڈنٹ اور رکن کونسل مہیش کمار گوڑ ، رکن اسمبلی سدرشن ریڈی ، حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر ، صدرنشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان اور دیگر عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں نظام آباد کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سروے رپورٹ کی بنیاد پر ہائی کمان نے جیون ریڈی کے نام کو قطعیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد کے رائے دہندے بی جے پی سے عاجز آچکے ہیں اور وہ کانگریس کو کامیاب کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد کو بی جے پی سے نجات دلانا قائدین کی ذمہ داری ہے ۔ عوام نے کانگریس حکومت کی 100 دن کی کارکردگی پر جس اطمینان کا اظہار کیا ہے ، اس کا نتیجہ تک اثر پڑے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں 14 لوک سبھا حلقوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران اقلیتوں ، خواتین اور پسماندہ طبقات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 100 دن میں پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے ۔ چیف منسٹر نظام آباد اور کریم نگر کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ بہتر تال میل کے ذریعہ پارٹی کی انتخابی مہم چلائیں تاکہ بھاری اکثریت سے جیون ریڈی کی کامیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ نظام آباد کے عوامی نمائندوں نے بتایا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے گزشتہ پانچ برسوں میں عوامی مسائل کی یکسوئی پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ لہذا نظام آباد لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ 1