ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر اور کلکٹریٹ کے عہدیداروں سے نمائندگی
روزنامہ ’سیاست ‘کی تحریک پر سیاسی قائدین و سماجی کارکن متحرک
حیدرآباد۔4۔جنوری(سیاست نیوز) محکمہ صحت کی جانب سے نظام آباد میں نرسوں کے تقررات کے معاملہ میں روزنامہ سیاست کے انکشاف کے بعد نظام آباد میں سیاسی جماعتوں کے قائدین اور سماجی کارکنوں نے ضلع میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر کے علاوہ ضلع کلکٹریٹ کے عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یادداشت حوالہ کی اور ان تقررات میں بی سی (ای) زمرہ کو شامل نہ کئے جانے پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں مسلمانوں کے پسماندہ طبقات کے لئے 4فیصد تحفظات موجود ہیں لیکن ان پر عمل آوری نہ کرتے ہوئے عہدیداروں کی جانب سے مسلمانوں کو ملازمتوں سے محروم کرنے کی غیر قانونی کوشش کی جا رہی ہے اور ان کوششوں میں ملوث عہدیداروں کے خلاف کاروائی نہ کئے جانے کی صورت میں مسلم تحفظات کے لئے جدوجہد کرنے والے جہدکاروں اور سیاسی جماعتو ںکی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔ روزنامہ سیاست کے 4 جنوری کے شمارے میں محکمہ صحت کی جانب سے کئے جانے والے تقررات میں مسلم تحفظات پر عدم عمل آوری کا انکشاف کرتے ہوئے مسلمانوں کو ملازمتوں سے محروم کرنے کی کوشش کا پردہ فاش کیا تھا۔ روزنامہ سیاست میں خبر میں اشاعت کے ساتھ ہی بی سی مسلم ویلفیر ریزرویشن ویلفیر سنگم نظام آباد کے ذمہ داروں نے ضلع میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک یادداشت حوالہ کی اور فوری طور پر تقررات کے احکامات میں موجود خامی کو دور کرنے کی خواہش کی ۔ سیکریٹری ویلفیر سنگم جناب محمد عبدالمقیت سابق کارپوریٹر نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے کئے گئے تقررات میں کی جانے والی اس ناانصافی کو دور نہ کئے جانے کی صورت میں ضلع نظام آباد میں بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے اسے عوامی تحریک کی شکل دی جائے گی۔ انہو ںنے مسلم سیاستدانوں‘ قائدین و عمائدین ملت سے اپیل کی کہ وہ حکومت اور عہدیداروں کی جانب سے کی جانے والی اس لاپرواہی کا نوٹ لیتے ہوئے اپنی خاموشی کو توڑیں اور حکومت سے سوال کریں کہ آیا حکومت کی جانب سے اس طرح کے اقدامات کیوں کئے جا رہے ہیں جو کہ مسلم طبقہ کو راست اور بالواسطہ طور پر نقصان پہنچانے کا سبب بن رہے ہیں۔ضلع نظام آباد کے مجلسی قائدین نے بھی ضلع کلکٹر و دیگر عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے تقررات کے معاملہ میں کی گئی اس کوتاہی کے خلاف شدید احتجاج کیا اور غلطی کے مرتکب عہدیداروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔انڈین یونین مسلم لیگ کے ذمہ داروں کے علاوہ مجلس بچاؤ تحریک نظام آباد ضلع کے ذمہ داروں نے بھی عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے 4 فیصد تحفظات کے معاملہ میں عدم عمل آوری کے متعلق استفسار کیا اور مکتوب نمائندگی حوالہ کرتے ہوئے تحفظات پر عمل نہ کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ۔م