نظام آباد میں نرسیس کے تقرر میں مسلم تحفظات کی بحالی کے اقدامات

,

   

’سیاست ‘میں پردہ فاش کئے جانے کے بعد حکام مجبور ۔ دیگر محکمہ جات میں بھی سازشوں کے اندیشے
حیدرآباد 5 جنوری(سیاست نیوز ) نظام آباد میں محکمہ صحت کی جانب سے تقررات میں شفافیت اور 4فیصد مسلم تحفظات کی فراہمی کے اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور عبوری فہرست میں شامل بی سی (ای) امیدواروں کو اسناد کی تنقیح کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ نظام آباد میں کئے گئے تقررات میں بی سی (ای) زمرہ کے تحت موجود تحفظات فراہم نہ کئے جانے پر ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی نے فوری کاروائی کرکے روسٹر کے مطابق ملازمتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی جس کے بعد ضلع میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر نے 67 نرسوں کے تقررات کے اعلامیہ میں 64 تقررات جو فراہم کئے جاچکے ہیں ان کی فہرست کے علاوہ مابقی تین جائیدادوں پر جو کہ جسمانی معذورین کے زمرہ کی ہیں کے ساتھ روسٹر کے مطابق ملازمتوں کی فراہمی اور تقررات کے احکام جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اس دھاندلی کے سلسلہ میں روزنامہ سیاست میں خبر کی اشاعت کے بعد ضلع کلکٹر سے رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے رابطہ کرکے 4فیصد مسلم تحفظات پر عمل آوری نہ کئے جانے پر شدید احتجاج کیا اور فوری بی سی (ای) زمرہ کے امیدواروں کو ملازمت فراہم کرنے اقدامات کا مطالبہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق آئندہ دویوم میں تمام امور کو مکمل کرکے 67 جائیدادوں میں 2جائیدادوں پر مسلم امیدواروں کے تقرر کو یقینی بنانے اقدامات کئے جائیں گے جو بی سی (ای) زمرہ میں ملازمت پانے کے اہل ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ سیاست پردہ فاش کئے جانے کے بعد پیدا ہونے والی ہلچل اور مختلف جماعتوں اور ملی تنظیموں سے نمائندگیوں کے نتیجہ میں 4فیصد تحفظات پر عمل کے بغیر فراہم کی جانے والی ملازمتوں میں ترمیم کرکے فوری روسٹر کے مطابق تقررات کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ اس انکشاف کے بعد محکمہ صحت کے ذرائع نے تین ماہ قبل کئے گئے 90تقررات کے متعلق بھی دعویٰ کیا ہے کہ ان میں بھی 4فیصد تحفظات کی فراہمی پر عمل نہیں کیا گیا اور بی سی (ای) زمرہ کے امیدوارو ں کونظرانداز کیا گیا ۔ 67 تقررات کے معاملہ کے منظر عام پر آنے کے بعد ضلع انتظامیہ نے سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے دباؤ میں اس کوتاہی کو قبول کرکے ازسرنو روسٹر کے مطابق احکام کی اجرائی کا فیصلہ کیا لیکن تین ماہ قبل کے 90 تقررات میں اب بھی عہدیداروں کی جانب سے مکمل خاموشی اختیار کی جارہی ہے ۔کہا گیا کہ نظام آباد کی مختلف تنظیموں اور جماعتوں کے ذمہ داروں نے 90 تقررات میں بھی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد نمائندگی اور احتجاجی لائحہ عمل کا فیصلہ کیا ہے۔ سیاست کے انکشاف کے بعد مختلف محکمہ جات میں تقررات میں بی سی (ای) زمرہ کو نظرانداز کرنے کی سازشوں کی بھی اطلاعات ملنے لگی ہیں اور صرف محکمہ صحت نہیں بلکہ دیگر محکمہ جات میں بھی ضلعی سطح پر تقررات میں ایسی دھاندلیوں اور سازشوں کی شکایات مل رہی ہیں۔م