نظام آباد : کنٹراکٹ ملازمین کی ہڑتال سے اظہارِ یگانگت

   

نظام آباد۔ 22ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد اربن کے سابق رکن اسمبلی گنیش گپتا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میونسپل کارپوریشن کے کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کو درپیش جائز مسائل کو فوری طور پر حل کرتے ہوئے ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں کنٹراکٹ و آؤٹ سورسنگ بنیادوں پر خدمات انجام دینے والے الیکٹریشنس، لائن مینس، صفائی ملازمین، ڈرائیورس اور واٹر سیکشن کے عملہ کی جانب سے گزشتہ پانچ دنوں سے دھرنا چوک پر جاری ہڑتال میں گنیش گپتا نے شرکت کرتے ہوئے ملازمین سے مکمل اظہارے یگانگت کیا۔ انہوں نے حکومت سے فوری طور پر GO52 منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ملازمین کو دی جانے والی 19,500 روپئے ماہانہ تنخواہ میں اضافہ کرتے ہوئے کم از کم 26,000 روپئے ماہانہ اجرت مقرر کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر ماہ یکم تا پانچ تاریخ کے درمیان ملازمین کی تنخواہیں لازماً ادا کی جائیں اور رات کے اوقات میں فرائض کی انجام دہی کے دوران پیش آنے والی دشواریوں سے بچنے کے لئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تمام ملازمین کو شناختی کارڈ جاری کئے جائیں۔ اس موقع پر پارٹی کے سٹی صدر سرپا راجو، سابق نوڈا چیئرمین پربھاکر ریڈی، ستیہ پرکاش، نوید اقبال، جگت ریڈی، عبدالمتین اور دیگر موجود تھے۔