نظام الدین مرکز کی 4 منزلوں کو کھول دیاجائے: دہلی ہائیکورٹ

   

نئی دہلی : دہلی ہائی کورٹ نے شب برأت کے مدنظر نظام الدین مرکز (بنگلہ والی مسجد) کی 4 منزلوں کو کھول دینے کی اجازت دے دی۔ تبلیغی جماعت کا یہ مرکز‘ کووِڈ وباء کے مدنظر 3 مارچ 2020 سے بند ہے۔ جسٹس منوج کمار اوہری کی بنچ نے کل حکام کو ہدایت دی کہ مرکز میں نمازیوں پر عائد تمام پابندیاں ہٹادی جائیں۔انتظامیہ نے ہر منزل پر کووِڈ پروٹوکول اور سماجی دوری یقینی بنانے کا تیقن دیا ہے۔ قبل ازیں بنچ نے دہلی وقف بورڈ سے کہا تھا کہ وہ متعلقہ پولیس اسٹیشن میں درخواست داخل کرکے سارے نظام الدین مرکز کی دوبارہ کشادگی کی اجازت طلب کرے۔ عدالت نے بورڈ سے کہا تھا کہ وہ حضرت نظام الدین پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو فوری درخواست دے۔
اس سے قبل عدالت نے مرکز سے اس مسئلہ پر اپنا موقف واضح کرنے کو کہا تھا۔ اس نے حکومت سے پوچھا تھا کہ ساری مسجد کیوں نہیں کھولی جاسکتی۔ وقف بورڈ نے شب برأت اوراپریل میں ماہ رمضان کے مدنظر ساری مسجد کو کھول دینے کی اجازت مانگی تھی۔