نظم و نسق میں متحرک عہدیداروں کی تعیناتی کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی مشاورت

   

سابق حکومت کے عہدیدار بھی دوڑ میں، کمزور طبقات اور بہار کیڈر کے عہدیداروں کو مطمئن کرنے کی کوشش، ریاستی اور ضلعی سطح پر عنقریب تبدیلیاں
حیدرآباد 22ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی حلف برداری کو دو ہفتے مکمل ہوچکے ہیں اور کئی اہم محکمہ جات میں عہدیداروں کی تبدیلی کیلئے چیف منسٹر نے مشاورت کا آغاز کیا ہے ۔ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ عام طور پر سیول اور پولیس عہدیداروں کے بڑے پیمانہ پر تبادلے عمل میں آتے ہیں۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کو اہم ذمہ داریاں نہیں دی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ بہار کیڈر کے عہدیداروں کو شکایت تھی کہ انہیں اہم عہدوں پر نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر کے آفس میں مخصوص عہدیداروں کی اجارہ داری تھی جن میں بعض ریٹائرڈ عہدیدار شامل تھے ۔ کے سی آر نے انتظامی سہولت کیلئے کئی مشیر مقرر کئے تھے۔ حکومت کی تبدیلی اور ریونت ریڈی کے چیف منسٹر کے طور پر حلف لینے کے بعد گزشتہ 10 برسوں میں اہم عہدوں سے محروم آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سیول و پولیس میں بہتر کارکردگی کی اہلیت رکھنے والے عہدیداروں کی نشاندہی شروع کردی ہے اور بہت جلد تبادلے اور تقررات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے محکمہ پولیس میں بعض تبدیلیاں کی ہیں لیکن اضلاع کی سطح پر کمشنرس اور ایس پی وغیرہ کی تبدیلی کیلئے وزرا و ارکان اسمبلی کی جانب سے نمائندگی کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اضلاع میں جلد عہدیداروں کی تبدیلیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز ، سکریٹریز ، اور اضلاع میں کلکٹرس کی تبدیلی کیلئے ریونت ریڈی نے مشاورت کا عمل جاری رکھا ہے۔ ایسے اضلاع جہاں کانگریس نے بہتر مظاہرہ کیا ، وہاں کے ارکان اسمبلی پولیس اور سیول عہدیداروں کی تبدیلی کی سفارش کر رہے ہیں تاکہ حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری ہوسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے بہار کیڈر کے عہدیداروں کو مطمئن کرنے شاہنواز قاسم کو اپنا سکریٹری مقرر کیا ہے ۔ شاہنواز قاسم کو اقلیتی بہبود کے علاوہ دیگر اہم محکمہ جات کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ شاہنواز قاسم کے چیف منسٹر آفس میں تقرر کے بعد بہار کیڈر عہدیداروں نے بہتر پوسٹنگ کیلئے وزراء کے ذریعہ چیف منسٹر تک اپنے نام کی سفارش میں مصروف ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ریونت ریڈی نے مسلم عہدیداروں کو اہم پوسٹنگ دینے کا فیصلہ کرکے مرتضی علی رضوی اور مشرف فاروقی کو محکمہ برقی میں اہم عہدوں پر فائز کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس رتبہ کے دیگر مسلم عہدیداروں کو بھی عنقریب اہم پوسٹنگ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے آفس میں فی الوقت صرف دو عہدیدار ہیں، آئی اے ایس عہدیدار شیشادری اور آئی پی ایس عہدیدار شاہنواز قاسم پر کام کے بوجھ میں اضافہ ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر اپنے دفتر میں مزید سکریٹریز و ایڈیشنل سکریٹریز کیلئے موزوں عہدیداروں کی تلاش میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق حکومت میں اہم عہدوں پر فائز کئی عہدیداروں نے چیف منسٹر آفس میں خدمات انجام دینے کا پیشکش کیا ہے لیکن ریونت ریڈی عہدیداروں کے ٹریک ریکارڈ اور گزشتہ 10 برسوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اپنے آفس میں تقرر کا فیصلہ کریں گے۔ کانگریس حکومت میں اہم عہدے حاصل کرنے کیلئے عہدیداروں کی دوڑ دھوپ نے ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی کو بھی مصروف کردیا ہے۔ اسی دوران وزارت دفاع میں ڈپٹی ڈائرکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن کے عہدہ پر فائز بی اجیت ریڈی کی خدمات کو پانچ سال کیلئے ڈپیوٹیشن پر حاصل کرتے ہوئے انہیں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (OSD) مقرر کیا گیا۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری شانتی کماری نے احکامات جاری کئے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے ڈائرکٹر جنرل پولیس اور چیف سکریٹری کے عہدوں پر فوری تبدیلی نہ کرنے کا من بنالیا ہے ۔