نعشوں کو بھیجنے میں تاخیر نہیں کرنا چاہئے : سشماسوراج

   

نئی دہلی ۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سوراج نے کینیڈا کے سوئمنگ پول میں ڈوبنے سے ایک ہندوستانی انجینئر اور اس کے بیٹے کی ہوئی موت کے معاملے میں جمعہ کو کینیڈا میں ہندوستان کے ہائی کمشنر وکاس سروپ سے ان کی لاشوں کو فوری طور پر بھیجنے کا انتظام کرنے کے لیے کہا ہے ۔ وزیر خارجہ نے میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیا جس میں کہا گیا کہ ‘پیسے کی کمی ’ کی وجہ سے لاشوں کو نہیں لایا جا سکا۔ محترمہ سوراج نے ناراضگی ظاہر کی اور کہا‘‘ وکاس- مجھے یہ پڑھ کر خوشی نہیں ہوئی۔ ہندوستانی شہریوں کی لاشوں کو بھیجنے کے معاملے میں پیسے کا انتظار نہیں کرنا چاہئے ۔ براہ مہربانی بغیر تاخیر کئے لاشوں کوہندوستان بھیجنے کا انتظام کریں۔ اطلاعات کے مطابق ایک سوئمنگ پول میں ڈوب کے واقعہ میں ہندوستانی انجینئر رام نواس مشرا اور ان کے چھوٹے بیٹے کی موت ہو گئی۔بڑے بیٹے کی حالت نازک ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق رام نواس اترپردیش کے رہنے والے تھے ۔