نفرت پھیلانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے

   

ہتنور منڈل میں برقراری امن کیلئے مؤثر اقدامات ضروری: بہوجن ساہتیہ اکیڈیمی
سنگاریڈی 22 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بہوجن ساہتیہ اکیڈمی تلنگانہ کے ریاستی نائب صدر گوردھن نے مطالبہ کیا کہ مذہبی اور ذات پات کی بنیاد پر نفرت پھیلانے والے افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی ضلع کے ہتنور منڈل مرکز میں دسہرہ تہوار کے موقع پر پیش آنے والے جھگڑے ریاست کے مفاد میں نہیں ہیں۔ تہوار خوشی، بھائی چارے اور انسانیت کے جذبے کے ساتھ منائے جانے چاہئیں۔ عوام کی سلامتی اور امن کو اولین ترجیح دیتے ہوئے حکومت کو ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ گوردھن نے کہا کہ ذاتی عداوت کو مذہبی اور ذات پات کے اختلافات سے جوڑ کر گاؤں میں کشیدگی پیدا کرنا اور عوام کے درمیان نفرت کو ہوا دینا مناسب نہیں ہے۔ تہواروں کے موقع پر انسانیت، باہمی احترام اور بھائی چارے کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ ہتنور منڈل میں عوام کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ضلع بھر میں پْرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے تمام سرکاری محکمے مؤثر اقدامات کریں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر نفرت پھیلانے والے افراد کے خلاف فوری کارروائی نہیں کی گئی اور ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے گئے تو بہوجن تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔