نمائش 24 فروری تک جاری رکھنے کا امکان

   

حیدرآباد۔/13 فروری، ( سیاست نیوز) کُل ہند صنعتی نمائش امکان ہے کہ اس سال 24 فروری تک جاری رہے گی۔ نمائش میں پیش آئے مہیب آتشزدگی اور کروڑہا روپئے کے نقصانات کے بعدبیشتر تاجرین پریشان ہیں اور سانحہ کے بعد نمائش کا مشاہدہ کرنے والے شہریوں کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے ، ان حالات کو دیکھتے ہوئے نمائش سوسائٹی نے نمائش کے انعقاد کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سکریٹری نمائش سوسائٹی سریندر ریڈی نے بتایا کہ نمائش کی تاریخ میں توسیع کیلئے مختلف سرکاری محکموں کوتحریری مکتوب روانہ کیا گیا ہے کہ وہ تاریخ کی توسیع سے اتفاق کرتے ہوئے اجازت دیں اور سوسائٹی کیساتھ تعاون کریں۔ سکریٹری نمائش سوسائٹی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں حکومت سے بھی اجازت طلب کی گئی ہے۔ عام طور پر نمائش کا ہر سال 15 فروری کو اختتام ہوتا ہے۔