نماز جمعہ پر پھر تنازعہ

,

   

ندی گڑھ ۔ ریاست ہریانہ میں جنونی ہندووں نے مسلمانوں کو نماز جمعہ سے روک دیا اور جے شری رام کے نعرے لگائے۔ ہندوستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس سے قبل کئی بار جمعہ کے اجتماعات پر دھاووں کی طرح اس بار بھی پولیس کی موجودگی کے باوجود ہریانہ کے گڑ گاوں میں انتہا پسند ہندووں نے مسلمانوں کو کھلے میدان میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا۔ جنونی ہندووں نے جگہ کی کمی کا بہانہ بناتے ہوئے رات گئے ہی ٹرک میدان میں کھڑے کر دیئے اور بعد میں مشتعل ہندو جے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے جمع ہوگئے۔ ہر قسم کی رکاوٹوں کے باوجود 150 سے زائد نمازی جمع ہوگئے اور نماز ادا کرنی چاہی ، تاہم مشتعل ہجوم نے نعرے بازی شروع کردی۔ اس موقع پر پولیس نے مشتعل ہجوم کو روکنے کی برائے نام کوشش کی اور پھر فوراً ہی ناکامی کا اعلان کردیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 6 شرپسندوں کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا ہے۔ واضح رہے کہ ہریانہ کے علاقے گڑ گاوں میں گوبر تہوار سے قبل ہی کھلے میدانوں پر قبضہ کرکے نماز سے روکنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا ، جو اب بھی جاری ہے۔خبررساں اداروں کے مطابق ہندوستان میں حکومتی سرپرستی میں اقلیتوں پر زمین تنگ کی جارہی ہے۔