نماز جمعہ کیلئے مکہ مسجد و شاہی مسجد باغ عامہ کی کشادگی ضروری

   

مسجد چوک کے پاس پولیس کی مداخلت قابل مذمت : امارت شرعیہ تلنگانہ و اے پی کا بیان
حیدرآباد :۔ امارت شرعیہ تلنگانہ و اے پی کے امیر شریعت مولانا مفتی خلیل احمد ، نائبین امیر شریعت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری ، مولانا سید محمد صدیق حسینی قادری ، مولانا سید اکبر نظام الدین حسینی صابری ، آرگنائزنگ سکریٹری مولانا سید فضل اللہ قادری الموسوی ، مشیر اعلیٰ مولانا سید اسرار حسین رضوی المدنی ، معتمد عمومی مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ ، اراکین امارت شرعیہ مولانا اکرم پاشاہ قادری تخت نشین ، مولانا سید ابراہیم قادری فاروق بادشاہ زرین کلاہ ، مولانا سید لیاقت حسین رضوی المدنی ، مولانا سید شیخن احمد قادری الشطاری کامل بادشاہ اور مولانا سید ندیم اللہ حسینی نے اپنے ایک مشترکہ مذمتی بیان میں کہا کہ گذشتہ دنوں لاک ڈاؤن کے دوران تمام مسلمانوں نے علماء کرام کی ہدایات اور حکومت کے عائد کردہ پابندیوں کے ساتھ اپنے گھروں میں پانچوں وقت کی نمازیں ادا کیں تاکہ کووڈ 19 کے مضر اثرات سے بچا جاسکے ۔ اب جب کہ حکومت کی جانب سے مکمل لاک ڈاؤن اٹھالیا گیا ہے تو عوام الناس بلا روک ٹوک اپنی مصروفیات جاری رکھے ہوئے ہیں اور مسلمان مساجد میں پانچوں وقت سماجی فاصلہ کے ساتھ صرف فرض نمازیں ادا کررہے ہیں اور سنت و نوافل تو گھروں ہی میں ادا کی جارہی ہیں ۔ نیز نماز جمعہ کے موقع پر بھی مساجد میں ان ہی ہدایات کو ملحوظ رکھا جارہا ہے ۔ مسلمانوں کی ان قابل ستائش پابندیوں کے باوجود تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ میں حکومت کی طرف سے نماز جمعہ کے موقع پر پولیس نمازیوں کو ان مساجد میںجانے سے روک رہی ہے ۔ ان دونوں مساجد کی کشادگی بھی ضروری ہے یہاں تک کہ پولیس نے گذشتہ جمعہ کو نماز کے موقع پر مسجد چوک کے دروازوں کو بند کرادیا ۔ اس سے اذان عام کی شرط ساخت ہوگئی اور نمازیوں کو دوبارہ نماز ظہر ادا کرنا پڑا ۔ پولیس کے اس طرز عمل کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں ۔ ہمیں حیرت ہے کہ پولیس اپنی بے جا کار گزاری مسجدوں کے پاس ہی کیوں دکھانا چاہتی ہے جب کہ لاک ڈاؤن کی کشادگی کے بعد تمام عبادت گاہوں کو کھول دیا گیا ہے ۔ حتی کہ شراب خانے بھی کھلے ہیں جہاں کہ لوگوں کی بھیڑ رہتی ہے ۔ ہمارا ریاستی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ نماز جمعہ کے لیے مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ کو کھول دے اور بشمول جمعہ نمازوں کے وقت مساجد میں نمازیوں کو داخلہ سے نہ روکنے پولیس کو پابند کرے نیز عیدالاضحی کے لیے تمام سہولتوں کا انتظام کرے ۔۔