ممبئی ۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے لیڈر مہاراشٹر کے اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک ممبئی کے سر جے جے اسپتال میں داخل ہیں جہاں ان کے نظام ہاضمہ اور پیٹ درد سے متعلق کئی میڈیکل ٹسٹ ہوئے ہیں۔ اسپتال کے ذرائع کے مطابق مسٹر ملک کی میڈیکل ٹیسٹ رپورٹوں کا انتظار کیا جارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسپتال کے حکام حتمی رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں جس کی بنیاد پر ان کا علاج شروع کیا جائے گا۔ ایک افسر نے کہاکہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی حراست کے دوران مسٹر ملک نے اپنی صحت سے متعلق پریشانیوں کی شکایت کی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس درمیان این سی پی کی رکن پارلیمان سپریہ سولے نے کہاکہ وہ مسٹر ملک کی بیٹیوں سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور ان کی صحت سے متعلق معلومات لے رہی ہیں۔