نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک جانے رضامند

   

ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام حذف کئے جانے کا امکان
لاہور ،8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بدعنوانی معاملے میں قید کی سزا کاٹ رہے اورشدید بیمار ہونے کی وجہ سے ہاسپٹل میں داخل پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف ڈاکٹروں کے مشورے اور اہل خانہ کے دباؤ میں علاج کرانے کے لئے بیرون ملک جانے پر راضی ہو گئے ہیں ۔شریف خاندان کے ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ نواز شریف بالآخر لندن جانے کو تیار ہو گئے ہیں، کیونکہ ڈاکٹروں نے انہیں واضح طور پر بتا دیا ہے کہ وہ پہلے ہی پاکستان میں دستیاب تمام متبادل علاج کرا چکے ہیں اس لئے ان کے پاس بیرون ملک جانا ہی واحد راستہ بچا ہے ۔اس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے عمران خان حکومت کے ساتھ مسٹر شریف کے بیرون ملک دورے کے بارے میں ڈاکٹروں کی سفارشات کا اشتراک کیا تھا ۔ انہوں نے کہا‘‘ڈاکٹروں کی رپورٹوں کے مطابق حکومت کی جانب سے ایک یا دو دن میں مسٹر شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے ہٹانے کا امکان ہے تاکہ وہ ملک سے باہر جانے کے قابل ہو سکیں ’’۔ذرائع نے کہا کہ نواز شریف ای سی ایل سے اپنا نام ہٹائے جانے کے بعد اسی ہفتے لندن کے لئے روانہ ہو سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا‘‘تاہم نواز شریف فوجی اسپتال کے میڈیکل بورڈ کی سفارشات اور شریف میڈیکل سٹی کے میڈکس اور اپنے اہل خانہ کے ارکان کی درخواست کے بعد بھی بیرون ملک جانے کے لئے تیار نہیں تھے ۔ اب وہ بالآخر بیرون ملک جانے پر راضی ہو گئے ہیں ۔ ذرائع نے کہا کہ نواز شریف کی بیٹی مریم نواز اپنے والد کے ساتھ نہیں جا سکیں گی کیونکہ انہوں نے چودھری شوگر مل گھپلہ معاملے میں ضمانت کے لئے اپنا پاسپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کر دیا تھا ۔ ذرائع نے کہا‘‘اس وقت نواز شریف کی صحت زیادہ معنی رکھتی ہے کیونکہ وہ اپنی زندگی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔محترمہ مریم نواز کے پاس بعد میں اپنے والد کی دیکھ بھال کے لئے لندن جانے کا متبادل موجود ہے۔ فی الحال نواز شریف کا پلیٹلیٹ اکاؤنٹ کم ہو کر 24000 رہ گیا ہے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق ایک مریض کو ہوائی سفر کے لئے فٹ قرار دئے جانے کے لئے 50,000 پلیٹلیٹس اور اس سے زیادہ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ ڈاکٹر پلیٹلیٹس بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں ، جس سے وہ سفر کرنے کے قابل ہو سکیں۔ وزیر داخلہ ریٹائرڈ بریگیڈیئر اعجاز شاہ پہلے ہی نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا اشارہ دے چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا‘‘اگر علاج کے لئے بیرون ملک جانا نواز شریف کے لئے واحد راستہ ہے ، تو حکومت راستہ نکالے گی ’’۔حکومت کی اتحادی پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے مسٹر شریف کو ان کے علاج کے لئے ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے کے لئے کہا ہے ۔