نوبال کی جانچ کیلئے ٹکنالوجی کے استعمال کی اجازت

   

ممبئی ۔23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )امپائرکی ایک غلطی پورے میچ کا نقشہ بدل سکتی ہے اور اکثرکئی میچوں میں ایسا ہوتا ہے کہ امپائر نوبال پکڑنے میں ناکام رہتے ہیں اوربیٹسمین کوآوٹ قراردیاجاتا ہے۔ اس کے بعد رپلے میں نوبال کا پتہ چلتا ہے اورپھراس وکٹ پرتنازعہ ہوتا ہے۔ تاہم اب آئی سی سی نے اس طرح کی غلطی سے نمٹنے کا حل نکال لیا ہے اور کسی میچ میں نوبال سے متعلق کوئی تنازعہ نہیں ہوگا۔ آئی سی سی نے نوبال ٹکنالوجی کو منظوری دے دی ہے، جوسب سے پہلے ہندوستان میں نافذ ہونے والی ہے۔نوبال ٹکنا لوجی ایک ایسی تکنیک ہے، جس کے ذریعہ بولر کے پیرپرنظررکھی جاسکے گی۔ بولرجب کریزپراپنا پیررکھے گا تواس پرتھرڈ امپائرکیمرے سے نظر رکھے گا۔ اگروہ پیرکریزسے آگے ہوگا تو تھرڈ امپائرفوراً میدان میںکھڑے امپائرکواس کی اطلاع دے گا۔ عام طورپرتھرڈ امپائرڈی آرایس کے دوران ہی بولرکے پیرپرنظرڈالتا ہے لیکن نو بال ٹکنا لوجی کے تحت اب ایسا نہیں ہوگا۔ ویسے نوبال ٹکنا لوجی کافی مہنگی ہے۔ ایک میچ میں اس کے استعمال پرہزاروں ڈالرس کا خرچ آسکتا ہے، اسی لئے آئی سی سی اسے نافذ کرنے میں ہچکچا رہی تھی لیکن بی سی سی آئی کے مطالبے پر اب آئی سی سی اس کے ٹرائل کے لئے تیارہوگئی ہے۔ جلد ہی اسے ہندوستان میں ہونے والے میچوں میں استعمال کیا جائے گا۔