نوبیاہتا مسلم جوڑا چاقو کے زخموں سے مردہ پایا گیا

   

رائے پور: چھتیس گڑھ میں شادی کے استقبالیہ سے چند گھنٹے قبل ایک نو بیاہتا جوڑا مردہ پایا گیا، یہ بات ایک عہدیدار نے بتائی۔ یہ واقعہ منگل کو رائے پور کے ٹکراپارہ علاقے میں پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت اسلم احمد اورکہکشاں بانو کے نام سے ہوئی ہے، جوڑے کی شادی19 فروری کو ہوئی تھی اور ان کی شادی کا استقبالیہ منگل کو ہونا تھا۔ پولیس نے کہا ہے کہ جوڑے کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد اسلم نے مبینہ طور پر خود کو قتل کرنے سے پہلے دلہن کو قتل کردیا۔ ان کے جسموں پر چھریوں کے متعدد زخم پائے گئے۔ جوڑے اپنے کمرے کے اندر اپنی شادی کے استقبالیہ تقریب کے لیے تیار ہو رہے تھے۔ جوڑے کی چیخ و پکار سن کرگھر والے وہاں پہنچ گئے اور دروازہ اندر سے بند پایا۔ خاندان کا ایک فرد کھڑکی سے کمرے میں داخل ہوا۔کمرے میں داخل ہونے پر خاندان کے رکن نے جوڑے کو خون میں لت پت بے ہوش پڑا پایا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، رائے پور، پرشانت اگروال نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔