نوجوانوں تک رسائی کیلئے ’’اپنی بات راہول کیساتھ‘‘ صدر کانگریس کا نیا پروگرام

,

   

مودی کے من کی بات کا موثر جواب، راہول دیانتدار لیڈر معذور طالبہ کا خیال

نئی دہلی۔6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے کابینی رفقاء پر سوشل میڈیا اور میڈیا کے دوسرے ذرائع استعمال کرتے ہوئے تابڑ توڑ حملے کررہے ہیں۔ جمہوری ادارہ کی تباہی ہو یا پھر دستوری اداروں پر حملے، ملک کی اہم ترین اس ایجنسیوں کو مبینہ طور پر کٹ پتلی بنائے رکھنے کا معاملہ راہول گاندھی وزیراعظم نریندر مودی کو شرمسار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مودی اینڈ ٹیم فی الوقت راہول گاندھی کی جارحانہ مہم سے کافی پریشان ہیں۔ سیاسی پنڈتوں کے خیال میں راہول گاندھی کی بہن پرینکا گاندھی کے سیاسی شعبہ میں داخل ہونے سے بی جے پی کی مصیبتوں میں اور اضافہ ہوگیا ہے۔ پرینکا کے بارے میں بی جے پی قائدین عجیب و غریب بلکہ مضحکہ خیز خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔ جس سے کانگریس قائدین میں کافی برہمی پائی جاتی ہے لیکن وہ راہول گاندھی کی طرح صبروتحمل سے کام لیتے ہوئے عوام کو یہ بتانے میں کامیاب ہوگئے ہیں کہ بی جے پی میں خواتین کی کوئی عزت نہیں ہے۔ راہول گاندھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک خصوصی حکمت عملی کے ذریعہ وزیراعظم نریندر مودی کی ہر حرکت اور ہر قدم کا موثر جواب دے رہے ہیں۔ نریندر مودی نے ریڈیو پر من کی بات پروگرام شروع کیا جس کے بارے میں اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ مودی جی اس پروگرام میں جو اعداد و شمار اور ہندوستانی تاریخ کے حوالے پیش کرتے ہیں اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ بہرحال اب صدر کانگریس راہول گاندھی نے عوام بالخصوص نوجوانوں تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ’’اپنی بات راہول کے ساتھ ‘‘ایک پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت ملک بھر سے چند طلباء و طالبات کو دہلی مدعو کرکے راہول مختلف امور پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ ان کے خیالات سے آگہی حاصل کررہے ہیں ان امور میں بہتر حکمرانی، اقتصادی ترقی دو دفاعی شعبہ میں ایک مضبوط و مستحکم اور طاقتور ہندوستانی، ملک کی گنگاجمنی تہذیب، فرقہ پرستوں سے وطن عزیم کو درپیش خطرات اور ان خطرات سے نمٹنے کے طریقے، رشوت خوری، بدعنوانی کے انسداد، بلیک منی کی بیرونی ملکوں کے بینکوں سے واپسی، بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، کسانوں کو راحت بہم پہچانے کے منصوبوں و اسکیمات کے علاوہ سیاست میں نوجوانوں کے داخلے جیسے امور شامل ہیں۔اپنی بات راہول کے ساتھ پروگرام میں دیگر 6 نوجوانوں کے ساتھ حصہ لے چکی 20 سالہ طالبہ پرتیشنا داویشور نے اس بارے میں این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ انہیں مدعو کرتے وقت بتایاگیا کہ ایک سینئر کانگریس لیڈر نوجوانوں سے ڈنر پر ملاقات کریں گے اور ملک کو درپیش مسائل کے حل اور پھر اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے منصوبوں پر بات چیت کریں گے لیکن جب انہوں نے راہول گاندھی کو اپنے سامنے دیکھا تو حیران رہ گئیں۔ طالبہ کا کہنا ہے کہ راہول گاندھی ان نوجوانوں کے بالکل راست بازی اور دیانتداری کے ساتھ جواب دیئے، کسی سوال کو نظرانداز نہیں کیا۔ مذکورہ طالبہ کا کہنا ہے کہ راہول ایک دیانتدار لیڈر ہیں۔