نوجوان ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں کام کریں:صدر مرمو

   

رانچی: صدر دروپدی مرمو نے جھارکھنڈ سنٹرل یونیورسٹی (سی یو جے ) کے طلباء سے اپیل کی کہ وہ ملک کی خوشحالی اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔صدر جمہوریہ نے آج جھارکھنڈ سنٹرل یونیورسٹی چیری مناتو (رانچی) کے کیمپس میں منعقدہ تیسرے کانووکیشن تقریب میں کہا کہ ہمارے ملک کے نوجوان اس ملک کا سب سے بڑا قدرتی وسائل ہیں۔ 55 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ، 2030 تک ہم دنیا کی تیسری بڑی معیشت بننے جا رہے ہیں۔ 2047 تک ایک تعلیم یافتہ، خوشحال ہندوستان بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔اس کیلئے سازگار حالات پیدا کرنا ہوں گے ، ایسے میں یہاں کے نوجوان جنہوں نے پڑھائی کے بعد میڈل حاصل کیے ہیں، انہیں نہ صرف اپنی اچھی زندگی بنانا چاہیے بلکہ ملک اور معاشرے کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کرنا چاہیے ۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ عالمی رہنما بننے کے خواب کو پورا کرنے اور آنے والی نسل کو اس کے فوائد پہنچانے کیلئے ضروری ہے کہ نوجوان جس بھی شعبے میں کام کریں ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کیلئے کام کریں۔ دیکھیں کہ سب کیلئے ہم آہنگی اور باوقار زندگی ہو، پسماندہ اور محروم لوگوں کی ترقی ہو۔اس موقع پر صدر مملکت نے تین طالب علموں کو چانسلر میڈل دیا۔انہوں نے اس بات پر بھی خصوصی خوشی کا اظہار کیا کہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کل طلباء (58) میں سے 50 فیصد لڑکیاں تھیں۔ تقریب میں دیگر مہمانوں کے ہاتھوں 58 طلبہ کو گولڈ میڈل اور 29 طلبہ کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں۔ اس دوران گورنر سی پی رادھا کرشنن، مرکزی وزیر اناپورنا دیوی، وزیر اعلیٰ چمپئی سورین، چانسلر جے پرکاش لال، وی سی پروفیسر کشتی بھوشن داس، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی، طلباء اور ان کے والدین اور دیگر بھی موجود تھے ۔