نوجوان نسل کا تعلیم یافتہ ہونا کسی بھی قوم اورملک کے روشن مستقبل کی ضمانت:مولانا ارشدمدنی

   

نئى دہلی: صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا ارشدمدنی نے کل یہاں صدر دفتر میں تعلیمی سال 2023-24 کے لئے میرٹ کی بنیادپر منتخب ہونے والے 925طلبا کے لئے اپنے دست مبارک سے وظائف جاری کردیئے ہیں، قابل ذکر ہے کہ ان طلبا میں 36غیرمسلم طلباء بھی شامل ہیں، وظائف کی رقم براہ راست طلبا کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جارہی ہے۔

وظائف کااجراکرتے ہوئے مولانا ارشد مدنی نے کہاکہ اللہ کی نصرت وتائیدسے ہم اپنے اعلان کو عملی جامہ پہنانے میں کامیاب ہوئے ہیں اس بار نہ صرف وظائف کے مجموعی فنڈمیں اضافہ کیا گیا بلکہ پچھلے سالوں کے مقابلہ منتخب ہونے والے طلباکی تعداد بھی زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے سال کے ساتھ وظیفہ کے لئے درخواست دینے والے طلباکی تعدادبڑھتی جارہی ہے، دوسری طرف جمعیۃعلماء ہند کے کام کادائرہ بہت وسیع اور وسائل محدودہیں چنانچہ بہت سے ضرورت مند طلبا ہماری کوشش اور خواہش کے باوجود وظیفہ سے محروم رہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسی بات کو ذہن میں رکھ کر وظائف کے فنڈمیں اضافہ بھی کیا گیا تاہم تمام ضرورتمندطلباکا ہم احاطہ نہیں کرسکتے طلباکی یہ بڑھتی ہوئی تعداداس بات کا مثبت اشارہ ہے کہ اب قوم کے بچوں میں تعلیم کو لے کرنہ صرف للک بڑھی ہے بلکہ وہ پورے جوش وخروش کے ساتھ پیشہ ورانہ تعلیم کا بھی انتخاب کررہے ہیں، اس بات پر اپنی مسرت کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ اسکالرشپ کے لئے غیر مسلم طلبا کی ایک بڑی تعداد اپنی درخواستیں بھیجتی ہے۔