نوجوان نسل کو نشہ کی لعنت سے بچانے سخت کارروائیاں

   

حیدرآباد میں موٹر بائیک ریالی، ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند کا خطاب
حیدرآباد ۔ 17 اکٹوبر (سیاست نیوز) نوجوان نسل کو نشہ کی لعنت سے بچانے کیلئے ریاست میں ہر ممکنہ اقدامات اور سخت کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ نشہ کے خلاف سماج کو اجاگر کرنے اور نشہ مکت بھارت بنانے کیلئے ریاست تلنگانہ میں مثالی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ یہ بات ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ریاست تلنگانہ مسٹر سی وی آنند نے بتائی۔ انہوں نے آج یہاں حیدرآباد میں موٹر بائیک ریالی کو جھنڈی دکھائی۔ قومی ایکتادیوس کے موقع پر اس ریالی کا انعقاد عمل میں لایا گیا اور اس کا مقصد بھارت کو نشہ کی لعنت سے پاک کرنا ہے۔ یوم قومی یکجہتی کے موقع پر جو سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش کے موقع پر منائی جاتی ہے آج 5 ریاستوں کے بائیک رائیڈرس حیدرآباد میں جمع تھے، ان کے ذریعہ نشہ مکت بھارت کا پیغام عام کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے سال 2029ء تک ملک کو نشہ سے پاک کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ ڈی جی پی آنند نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں نشہ کے خلاف ایگل فورس کو تشکیل دیا گیا ہے جس کے ذریعہ بہترین نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کی حکومت منشیات سربراہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال کے خلاف ہر شہری کو جدوجہد کرنی چاہئے چونکہ حکومتوں کی جانب سے منشیات سے پاک سماج کی تعمیر کیلئے سخت اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی آر پی ایف نوڈل ایجنسی کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہے اور یوم قومی یکجہتی کے سلسلہ میں ملک بھر میں ریالیوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش، ٹاملناڈو، پڈوچیری، انڈومان نکوبار سے تعلق رکھنے والے بائیک رائیڈرس اس ریالی میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس ریالی میں شامل بائیک رائیڈرس مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے 30 اکٹوبر تک گجرات کے کینڈیا مقام پر پہنچیں گے جہاں 31 اکٹوبر کو سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش کے موقع پر قومی یکجہتی (راشٹریہ ایکتادیوس) میں حصہ لیں گے۔ اس موقع پر ڈی جی پی کے ہمراہ ایگل فورس کے ڈائرکٹر سندیپ شنڈیلیہ، پولیس کمشنر حیدرآباد وی سی سجنار، ڈائرکٹر آف ریونیو انٹلیجنس وکرم، نارکوٹک کنٹرول بیورو کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر ویشال و دیگر موجود تھے۔ع