نورخاں بازار میں دوہرے قتل کی سنگین واردات

   

ایک شخص نے رقمی لین دین پر جھگڑے کے بعد بھائی اور بھاوج کا قتل کردیا
حیدرآباد : 20 اپریل ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میر چوک میں دوہرے قتل کی سنگین واردات پیش آئی جہاں ایک شخص نے اپنے حقیقی بھائی اور اس کی بیوی کا قتل کردیا ۔ خون میں پڑی ہوئی نعشوں کو پولیس نے مقتول کے مکان سے ہاسپٹل منتقل کیا ۔ اس واقعہ سے بارہ گلی سلطان پورہ ، نور خاں بازار میں سنسنی پیدا ہوگئی ۔ اطلاع کیساتھ ہی پولیس میر چوک اور چارمینار زون کے اعلیٰ عہدیدار موقع واردات پہنچے ، رقمی لین اس قتل کی وجہ بتائی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق عادل خان جو اپنے بھائی عقیل خان کے مکان پہنچا ، رقمی لین دین کے متعلق دونوں بھائیوں میں بحث و تکرار ہوئی ، انسپکٹر
میر چوک کنڈل راؤ نے یہ بات بتائی ۔ عادل بڑا بھائی اور عقیل اس کا چھوٹا بھائی تھا ۔ عادل نے عقیل خان کے علاوہ اس کی بیوی اجمیری بیگم کو بھی قتل کردیا ۔ قتل کے وقت مکان میں عقیل خان کا چھوٹا بیٹا موجود تھا جس کی عمر تقریباً ڈھائی سال بتائی گئی ہے ۔ عقیل خان عمر 28 اور ان کی بیوی اجمیری بیگم کی عمر 24 سال بتائی گئی ہے ۔ ان کے چار بچے ہیں جب آج دوپہر عادل مکان پہنچا تب بچے گھر میں تھے ۔ والد اور تایا کی بحث و تکرار کو دیکھ کر تینوں بچے بھی آگئے جبکہ ڈھائی سالہ بچہ گھر میں تھا جو اپنے ماں باپ کے قتل کو دیکھ رہا تھا ۔ عادل نے دونوںمیاں بیوی پر اندھا دھند وار کردیا جس کے سبب دونوں برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ اس درندگی کے بعد عادل موقع واردات سے فرار ہوگیا ۔پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع