نہاتے وقت ویڈیو ،گجرات رہائشی اسکول کی طالبات کا باورچی پر الزام

   

ولساڈ (گجرات)۔ جنوبی گجرات کے ولساڈ ضلع میں ایکلویہ کنیا ساکشرتا نواسی شالا ایک سرکاری رہائشی اسکول میں لڑکیوں نے الزام لگایا ہے کہ اسکول کے باورچی نے اس وقت ان کی ویڈیو گرافی کی جب وہ نہا رہی تھیں۔الزامات سنگین ہیں اس لیے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، مقامی کرائم برانچ پولیس انسپکٹر، مقامی سب انسپکٹر اور یہاں تک کہ ڈپٹی کلکٹر بھی اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اگر کوئی بھی اس طرح کی حرکت میں ملوث پایا جاتا ہے، تو اس کے خلاف قانون کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ راجدیپ سنگھ زالا، ولساڈ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے یقین دلایا کہ کسی بھی خاطی کو بخشا نہیں جائے گا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے افسر نے فوری مقامی میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا طالبات نے اسکول کے پرنسپل یا پولیس کو اپنی تحریری درخواست میں،ویڈیو ریکارڈنگ یا فوٹو لینے کا ذکر نہیں کیا۔ کھانے کے ناقص معیار، باورچی کے لڑکیوں کو ہراساں کرنے اور قبائلی لڑکیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی شکایت کی گئی ہے۔