نہرو زوالوجیکل پارک میں جلد ہی کینگرو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنیں گے

   

ریلائنس کے خانگی زو ’ ونٹارا ‘ سے حوالگی عمل میں آئے گی ۔ زیبرا کا حصول بھی ممکن
حیدرآباد۔20۔اکٹوبر(سیاست نیوز) نہروزوالوجیکل پارک میں جلد ہی آسٹریلیاء کے قومی جانور ’کینگرو‘ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔ محکمہ جنگلات کے تحت زوالوجیکل پارک انتظامیہ نے ریلائنس خانگی زو پارک ’ونٹارا‘ سے رجوع ہوکر ’کینگرو‘ کے علاوہ دیگر نایاب جانور و پرندے فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق نہرو زوالوجیکل پارک انتظامیہ کی اس درخواست کو ’ونٹارا‘ انتظامیہ نے قبول کرکے ’کینگرو‘ کے و دیگر جانوروں کی فراہمی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نہرو زوالوجیکل پارک کے ذمہ داروں نے نئے جانوروں کی آمد کیلئے انتظامات کو قطعیت دینی شروع کردی ہے جن میں کینگرو سیاحوں کی توجہ کا مرکز ثابت ہونے کے علاوہ ’زیبرا‘ بھی شامل ہونگے۔ حکام کے مطابق نہرو زوالوجیکل پارک میں فی الحال 2100 جانوربشمول 196 نادر جانور جن کی نسل محدود رہ گئی ہے شامل ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ونٹارا کے ذمہ داروں سے بات چیت میں فیصلہ کے مطابق جلد ہی ایک نر اور ایک مادہ کینگرو نہروزوالوجیکل پارک کے حوالہ کی جائے گی اس کے علاوہ دیگر جانور وں کے علاوہ بعض نادر پرندوں کو بھی حوالہ کرنے پر آمادگی کا اظہار کیاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان جانوروں کی نہرو زوالوجیکل پارک منتقلی کے ساتھ ہی 40تا45 دن تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا تاکہ یہاں کے ماحول کے مطابق ان کے مزاج کو تیار کیا جاسکے اور اس کے بعد ہی ان کینگرو کے علاوہ دیگر جانوروں اور پرندوں کو عوام کے روبرو پیش کیا جائے گا۔بتایاجاتاہے کہ کینگرو کے ساتھ کو ’ونٹارا‘ سے 3زیبرا بھی دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں دو مادہ و ایک نر ہے۔ نہرو زوالوجیکل پارک میں جاریہ سال بندر کی نادر نسل ’مینڈرل ‘ لائی گئی جو جمشید پور زو سے لائی گئی تھیںاور ان بندروں کیلئے نہرو زو پارک انتظامیہ نے جمشید پور زوالوجیکل پارک کو افریقی ببر کا جوڑا حوالہ کیا تھا۔3/k/b