نیتن یاہو کے دورئہ واشنگٹن کیخلاف وائٹ ہاؤس کے باہر فلسطین حامی مظاہرہ

   

واشنگٹن، 28 جولائی (یو این آئی) فلسطین کے حامی مظاہرین نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دورئہ واشنگٹن اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ان کی ملاقات کے خلاف وائٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور اسرائیل کے لیے امریکی حمایت کے خلاف نعرے لگائے ۔ اس موقع پر مظاہرین نے ایسے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ’امریکہ، اسرائیل کی جنگی مشین کی حمایت بند کرو، ’واشنگٹن پر اسرائیل کے اثر و رسوخ کو بے نقاب کرو‘ اور ’فلسطینیوں کے انسانی حقوق بھی اہم ہیں‘ جیسے نعرے درج تھے ۔ یہ احتجاج ایسے وقت میں کیا گیا جب بنیامین نیتن یاہو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے واشنگٹن پہنچے ۔ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ آٹھویں ملاقات ہوگی۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ سے ملاقات کے بعد نیتن یاہو ریپبلکن رہنما اور اسرائیل کے دیرینہ حامی آنجہانی سینیٹر لنڈسے گراہم کی یاد میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے ۔واضح رہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے دوران اسرائیل کی حمایت پر امریکہ کو طویل عرصے سے تنقید کا سامنا ہے ۔ امریکہ میں بھی اس کے خلاف کئی مرتبہ مظاہرے ہوچکے ہیں ۔
مختلف رپورٹس کے مطابق غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 73 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے ، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے ۔