نیدرلینڈز اور کینیڈا میں چینی ’پولیس مراکز‘ کی تحقیقات

   

ایمسٹرڈم : نیدر لینڈز کے مقامی میڈیا کے مطابق بیرون ملک مقیم چینی پولیس مراکز ’’منحرف چینی باشندوں پر دباؤ‘‘ ڈال رہے ہیں۔ ایک این جی او کی رپورٹ کے مطابق یجنگ کے پانچ براعظموں کے درجنوں ممالک میں ایسے مراکز ہیں۔ نیدرلینڈز کی وزارت خارجہ نے چہارشنبہ کو کہا کہ وہ ان رپورٹس کی تحقیقات کر رہی ہے، جن کے مطابق چین نے نیدرلینڈز میں دو غیر قانونی پولیس اسٹیشن قائم کر رکھے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان میکسم ہوونکیمپ نے کہا کہ اب ہم ایک وزارت کے طور پر تحقیقات کر رہے ہیں کہ (چینی )مراکز کاکیا معاملہ ہے اور جب ہمارے پاس اس کے بارے میں مزید معلومات ہوں گی تو ہم مناسب کارروائی کا تعین کر سکتے ہیں۔ ہوون کیمپ نے کہا کہ اصل صورتحال یہ ہے کہ چینی حکومت نے ہمیں کبھی بھی سفارتی ذرائع سے ان مراکز کے بارے میں آگاہ نہیں کیا اور صرف یہی بات ان مراکز کے غیر قانونی ہونے کے لیے کافی ہے۔