نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن

   

جام بچوں کو صحتمند رکھنے میں مفید پھل: این آئی این

(NIN)
حیدرآباد کی جانب سے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ
(ICMR)
کے فنڈس کے ساتھ کئے گئے کلینکل ٹرئیل میں آنگن واری اداروں میں بچوں کو کھانے میں طرح طرح کی اشیاء فراہم کرنے کی اہمیت اور افادیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اسے اپنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ وہ صحتمند رہیں۔ اس ٹرئیل کے سلسلہ میں این آئی این کے ریسرچرس نے کام کرتے ہوئے بچوں کی غذا میں جام کا پھل دینے کا مشورہ دیتے ہوئے اس کے فوائد پر روشنی ڈالی ۔
آٹھ مہینوں کے کلینک ٹرئیل کے بعد انہیں یہ معلوم ہوا کہ جام کا استعمال بچوں میں ہیموگلوبن ، آئرن ، وٹامن ۔سی اور فولیٹ سطح میں اضافہ کیلئے معاون ہے۔ اس ٹرئیل میں بچوں میں لوہے کی سطح میں کس طرح اضافہ اور بہتری ہوسکتی ہے اس پر توجہ دی گئی ہے ۔ اس کے لئے جام کے استعمال پر زور دیا گیا کیونکہ اس میں سنترہ سے چار گنا زیادہ وٹامن سی پایا جاتا ہے اور جام تقریباً سال تمام آ سانی کے ساتھ دستیاب بھی ہوتا ہے اور اس کی قیمت بھی کم ہوتی ہے ۔

امرود (جام ) کے فوائد
امرود ایک سستا، لذیذ اور فرحت بخش پھل ہے۔اس کا مِزاج سرد (ٹھنڈا) اور تَر ہے امرود کو جام بھی کہا جاتا ہے۔
آئیے امرود کے چند فوائد جانتے ہیں:
٭ امرود میں وٹامن B3 اور B6 ہوتے ہیں جو دماغ کی جانب خون کی فراہمی کو بہتر کرتے ہیں۔
٭ مَسلز اور اَعصاب کو پُرسکون اور ذہنی تناؤ کم کرتا اور جسمانی توانائی بڑھاتا اور بالوں کی نشوونما بہتر کرتاہے۔
٭ خونی اور بادِی بواسیر میں مفید ہے۔ قبض دُور کرتا ہے۔
٭ گرمی یا خشکی کی وجہ سے ہونے والی پیشاب کی بیماریوں میں کھانا کھانے کے بعد امرود کھانا کافی فائدہ مند ہے۔
٭ شوگر کے مریض بھی امرود کھا سکتے ہیں کیونکہ اس میں دیگر پھلوں کے مقابلے میں کم شوگر پائی جاتی ہے۔
٭ امرود میں پایا جانے والا فولک ایسڈ حاملہ خواتین کیلئے مفید ہوتا ہے۔
٭ دانت اور گلے کے درد، مسوڑوں کی سُوجن میں امرود کے پتوں کو پیس کر اس کا پیسٹ بنا لیں اور دانتوں پر لگائیں بہت جلد فائدہ ہوگا۔
٭ منہ میں چھالے ہونے کی صورت میں اگر امرود کے پتوں کو چبا لیا جائے تو چھالے ختم ہو جاتے ہیں۔
٭ امرود کے پتے پیٹ کے درد، ڈائیریا میں بھی فائدہ مند ہیں۔
٭ امرود کے پتوں کو پانی میں اُبال کر ٹھنڈا کرکے پی لیں، اس سے پیٹ کے درد میں کافی افاقہ ہوگا نیز پیٹ کے کیڑوں سے بھی نجات ملتی ہے۔