نیوزی لینڈ پولیس کا انکشاف:دہشت گرد کوتیسرے ہدف کی طرف بڑھتے ہوئے گرفتار کیاگیا

   

کرائسٹ چرچ ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈکی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں 2 مساجدمیں فائرنگ کرنے والا آسٹریلیائی دہشت گرد کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ تیسرے ہدف کی جانب بڑھ رہا تھا۔ پولیس کاکہناہے کہ سانحہ کی اطلاع ملنے کے 21ویں منٹ میں ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا، مسلح شخص کو 2 اہلکاروں نے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق اہلکاروں کو مسلح ہو کر حملے کی جگہ پہنچنے میں 10منٹ لگے تھے ۔کیوی حکام کے مطابق مسجد پر حملے کی ویڈیو کے براہِ راست مناظر دوران ملازمت دیکھنے والے ایک ملازم کو نوکری سے بھی نکال دیا گیا ہے ۔نیوزی لینڈ کی پولیس نے کہا ہے کہ حملہ آور کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ تیسرے ہدف کی طرف بڑھ رہا تھا۔ علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے حملے کے بعد سب سے پہلے جائے وقوع پہنچنے والے اہل کاروں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

نیوزی لینڈ قتل عام کے ملزم کو قید تنہائی میں رکھا جائیگا
کرائسٹ چرچ۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے قاتل کو اگر سزاء سنائی گئی تو اسے جیل میں قید تنہائی میں رکھا جائے گا جس کا مقصد خود دہشت گرد کا تحفظ ہے۔ نیوزی لینڈ کے ایک سابق قیدی اور موجودہ کریمنولوجسٹ نے یہ بات کہی۔ یاد رہے کہ مسجد النور اور لین ووڈ مسجد میں کئے گئے دہشت گردانہ حملے میں 50 مسلمان جان بحق ہوگئے تھے اور مجرم برنیٹن ٹیرنٹ کے تئیں نہ صرف عوام وخواص بلکہ جیل کی سزاء کاٹ رہے دیگر قیدیوں میں بھی غصہ پایا جاتا ہے۔ جیل میں مائوری اور پیسفک جزیری قیدیوں کی اکثریت ہے اور یہ ممکن ہے کہ ٹیرنٹ کو دوسرے قیدیوں سے خطرہ لاحق ہو۔ بات گریگ نیو بولڈ نے بتائی جو سنیٹر بری یونیورسٹی میں کریمنولوجی کے پروفیسر ہیں۔ تاہم منشیات رکھنے کے جرم میں 5 سال کی سزاء کاٹ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیرنٹ کا جیل میں کوئی دوست نہیں ہوگا یہاں تک کہ سفید فام قیدی بھی اس سے بات کرنا پسند نہیں کریں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ نیوزی لینڈ میں سزائے موت کا چلن نہیں ہے اور اگر ٹیرنٹ کو عدالت نے مجرم قرار دیا تو اسے عمر قید کی سزاء دی جاسکتی ہے جس میں پیرول بھی نہیں ہوگا۔ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں یہ اپنے آپ میں ایک انوکھا فیصلہ ہوگا۔ فوجداری کے وکیل سائمن کولین نے یہ بات بتائی۔ دوسری طرف نیوبولڈ نے ایک اور بات بتائی کہ ٹیرنٹ کو کم از کم اپنی سزاء کے پہلے پانچ یا دس سال قید تنہائی میں گزارنے ہوں گے۔