نیوزی لینڈ کامیاب،افریقہ عملاًورلڈ کپ سے خارج

   

برمنگھم ۔20 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے کپتان کین ولیمسن کی ذمہ دارانہ سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ورلڈ کپ سے عملاً باہر کردیا ہے۔ برمنگھم میں کھیلا گیا میچ بارش کے سبب تاخیر سے شروع ہوا اور 49 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈینگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اسٹار وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ہاشم آملہ اور کپتان فاف ڈیو پلیسی نے ٹیم کو سنبھالا لیکن ابھی 50 رنز کی ساجھے داری ہی قائم ہوئی تھی کہ لوکی فرگیوسن نے جنوبی افریقی کپتان کی وکٹیں بکھیر دیں۔ آملہ نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ایڈن مرکرم کے ہمراہ مزید 52 رنز جوڑے لیکن مچل سینٹر کی ایک گیند سے وہ بھی اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔ مرکرم نے 38 رنز کی اننگز کھیل کر اچھی فارم کا ثبوت دیا لیکن گرینڈہوم نے ان کی پیش قدمی روکتے ہوئے کولن منرو کی مدد سے انہیں قابو کر لیا۔ دوسرے سرے سے وین ڈرڈوسن نے اچھی بیٹنگ جاری رکھی اور ڈیوڈ ملر کے ہمراہ 5 ویں وکٹ کے لئے 72 رنز جوڑ کر جنوبی افریقہ کی ڈبل سنچری مکمل کروائی لیکن اس سے قبل کہ ملر اپنی روایتی جارحانہ بیٹنگ شروع کرتے، فرگیوسن نے اپنی ٹیم کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے ان کی 36 رنز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ اختتامی اوورز میں وین ڈر دوسن کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 49 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ ڈوسن نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 64 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد 67 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتدا میں ہی کولن منرو کی خدمات سے محروم ہو گئی لیکن مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے 60 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا کسی حد تک ازالہ کیا۔ اس مرحلے پر نیوزی لینڈ کی ٹیم 10رنز کے اضافے سے تین اہم وکٹوں سے محروم ہو گئی اور اس کی میچ میں فتح پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ مارٹن گپٹل 35 رنز بنانے کے بعد ہٹ وکٹ ہوئے جبکہ کرس مورس نے اپنے لگاتار دو اوورز میں روس ٹیلر اور ٹام لیتھم کی قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔ 80 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد کین ولیمسن کا ساتھ دینے جیمز نیشام آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 57 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت جنوبی افریقہ کے لیے مزید خطرناک ثابت ہوتی، مورس نے نیشام کا کام کیا۔137رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے کے بعد نیوزی لینڈ کی شکست صاف نظر آ رہی تھی لیکن ولیمسن اور گرینڈ ہوم جنوبی افریقی ٹیم کی فتح کی راہ میں حائل ہو گئے۔دونوں کھلاڑیوں نے 91 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، خصوصاً گرینڈ ہوم نے روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور فتح سے چند قدم کی دوری پر47 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم ولیمسن کو اس کے بعد اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں زیادہ دقت پیش نہ آئی اور انہوں نے تین گیندیں قبل ہی اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ ولیمسن نے 106 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اس شکست کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کا ورلڈ کپ میں سفر تقریباً اختتام پذیر ہو گیا ہے اور وہ باقی تینوں میچ جیت کر بھی سیمی فائنل میں شاید ہی رسائی حاصل کر سکے۔