نیوزی لینڈ کو کامیابی کیلئے آج 7 وکٹیں درکار

   

ماؤنٹ منگنوئی ۔ماؤنٹ منگنوئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن کے اختتام پر پاکستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 373 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تین وکٹوں کے نقصان پر71 رنز بنائے ہیں۔پاکستان کو کامیابی کے لئے مزید 302 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔ منگل کو ٹسٹ میچ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 180 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر ختم کردی تھی اور پاکستان کو فتح کے 373 رنز کا ہدف دیا تھا۔ مقررہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور دونوں اوپنرز شان مسعود اور عابد علی کوئی رن اسکور نہ کر سکے اور صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے۔حارث سہیل بھی صرف نو رنز بناکرکیچ آؤٹ ہو ئے۔ اظہر علی34 اور فواد عالم 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔میچ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور اوپنرز کے درمیان111 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو اورنیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئرکردی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کو جیت کے لئے 373 رنز کاہدف دیا گیا۔اس سے قبل ماؤنٹ منگنوئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن پاکستان کی پوری ٹیم 239 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئی اور پہلی اننگز میں 192 رنز کے خسارے کا شکار ہوئی تھی۔