نیوکلیئر ہتھیاروں میں اضافہ اور استعمال کیتیاری جاری :کم جونگ

   

پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے سربراہ کم یونگ اْن کا کہنا ہے کہ ان کا ملک نیوکلیئر قوت کی تعمیر کیلئے ایک پالیسی پر عمل پیرا ہے تا کہ نیوکلیئر ہتھیاروں کی تعداد میں بڑا اضافہ کیا جا سکے۔کوریا کی مرکزی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کِم نے یہ بات پیر کی شب شمالی کوریا کی تاسیس کی سالانہ یادگاری تقریب سے خطاب میں کہی۔ کِم کے مطابق ان کے ملک کو اپنی نیوکلیئر صلاحیتوں کو بڑھانا چاہیے اور ان کے استعمال کی تیاری کرنا چاہیے تا کہ ریاست کے سیکورٹی حقوق کی ضمانت دی جا سکے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق کِم نے واضح کیا کہ امریکہ اور اس کے چیلوں کی صورت میں موجود مختلف خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے مضبوط فوجی وجود کی ضرورت ہے۔ادھر جنوبی کوریا کی وزارت دفاع آج منگل کے روز جزیرہ نما کوریا میں اقوام متحدہ کی قیادت میں شامل رکن ممالک کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرے گی۔شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی مذکورہ قیادت پر تنقید کرتے ہوئے اسے “غیر قانونی جنگی تنظیم” قرار دیا تھا۔ پیانگ یانگ حکومت نے دونوں کوریاؤں کی سرحد پر تعینات اقوام متحدہ کے زیر انتظام نگراں فورس میں جرمنی کی شمولیت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیش رفت سے کشیدگی جنم لے گی۔