نیٹ امتحانات کے افشاء کیخلاف یوتھ کانگریس کارکنوں کا دھرنا

   

وزیر اعظم اور وزیر تعلیم کے علامتی پتلے نذر آتش، 22 لاکھ طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ

حیدرآباد ۔13۔ مئی (سیاست نیوز) نیٹ امتحانات کے پرچہ جات کے افشاء اور امتحان کی منسوخی کے خلاف تلنگانہ یوتھ کانگریس کی جانب سے آج حیدرآباد میں احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا ۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر بی شیوا چرن ریڈی نے دھرنے کی قیادت کی اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ کی مانگ کی گئی۔ نیٹ امتحانات میں تقریباً 22 لاکھ طلبہ نے حصہ لیا تھا اور پرچہ کے افشاء کے بعد مرکزی حکومت نے امتحان کی منسوخی کا اعلان کردیا۔ حکومت کے اس فیصلہ سے لاکھوں طلبہ کا تعلیمی مستقبل خطرہ میں پڑچکا ہے۔ یوتھ کانگریس کارکنوں نے کہا کہ مرکزی حکومت قومی سطح کے اہلیتی امتحانات کے شفافیت کے ساتھ انعقاد میں ناکام ہوچکی ہیں۔ آل انڈیا یوتھ کانگریس کمیٹی نے نیٹ امتحانات کی منسوخی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔ ٹینک بنڈ کے قریب واقع مجسمہ امبیڈکر کے دامن میں سینکڑوںکی تعداد میں کانگریس اور یوتھ کانگریس کارکنوں نے دھرنا منظم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ وزیراعظم اور مرکزی وزیر تعلیم کے علامتی پتلے نذر آتش کئے گئے ۔ احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ امتحانی پرچہ جات کا افشائملک میں معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت امتحانات کے شفافیت کے ساتھ انعقاد میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 لاکھ طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی تھی اور انہیں امتحان کی تیاری کے لئے سخت محنت کرنی پڑی۔ امتحانات کی اچانک منسوخی سے طلبہ میں مایوسی پیدا ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ امتحانات کے لئے طلبہ کو پھر ایک مرتبہ تیاری کرنی پڑے گی۔ نریندر مودی دور حکومت میں ابھی تک تقریباً 89 امتحانی پرچہ جات کا افشاء ہوا ہے اور 48 مرتبہ امتحانات دوبارہ منعقد کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والی بی جے پی حکومت کو طلبہ اور نوجوان سبق سکھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک مقام پر امتحانی پرچہ کے افشاء کی سزا سارے ملک کے طلبہ کو دینا درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں میڈیسن میں داخلوں کیلئے ریاستوں کی سطح پر امتحانات منعقد کئے جاتے رہے لیکن مرکزی حکومت نے قومی سطح پر نیت امتحانات کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے پرچہ جات کے افشاء کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے نریندر مودی اور دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے افشاء کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی ۔ یوتھ کانگریس کے دیگر قائدین اور ریاستی عہدیدار دھرنے میں شریک تھے۔1/k