نیٹ لکھنے والے پولیس عہدیدار کے بچوں کیلئے ترغیبی پروگرام

   

سنگاریڈی ۔13 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی ضلع پولیس دفتر میں اسپارک (SPARK) پروگرام کے تحت نیٹ (NEET) امتحان کی تیاری کرنے والے پولیس عہدے داروں کے بچوں کے لیے ایک خصوصی ترغیبی و بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر گزشتہ سال نیٹ میں کامیابی حاصل کرکے سنگاریڈی میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے پہلے سال میں زیر تعلیم طالبات بی. ابھگیا، کے. پرکرتی ورما اور ایس سائی شریہیتا نے اپنے تجربات طلبہ کے ساتھ شیئر کیے۔طالبات نے کہا کہ کامیابی کے لیے مضبوط عزم، مستقل محنت، وقت کی پابندی اور خود اعتمادی بے حد ضروری ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ انٹرمیڈیٹ کے پہلے سال سے ہی منصوبہ بندی کے ساتھ مطالعہ شروع کیا جائے اور ماڈل ٹیسٹوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو نکھارا جائے۔ضلع ایس پی پریتوش پنکج نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیٹ اور دیگر مقابلہ جاتی امتحانات میں کامیابی کے لیے منظم منصوبہ بندی، مسلسل مشق اور نظم و ضبط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو بلند اہداف مقرر کرکے ان کے حصول کے لیے سنجیدگی سے محنت کرنے کی تلقین کی۔اس موقع پر آئی آئی ٹی ایڈوانس امتحان میں نمایاں رینک حاصل کرنے والے ٹریفک ہیڈ کانسٹیبل رام داس کے فرزند ونئے نائک کی ضلع ایس پی نے گلپوشی اور تہنیت کے ساتھ حوصلہ افزائی کی۔ پروگرام میں پولیس عہدے داروں اور ان کے بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔