10 برسوں میں چار مرتبہ پرچہ جات کا افشاء، صدرنشین تلنگانہ فوڈس محمد فہیم کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔13۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی نے نیٹ امتحانات کے پرچہ کے افشاء اور امتحان کی منسوخی کے خلاف ریاست گیر سطح پر احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔ این ایس یو آئی کے انچارج محمد فہیم اور ریاستی صدر وینکٹ سوامی نے آج گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے احتجاجی ایکشن پلان جاری کیا۔ محمد فہیم نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت نے 22 لاکھ طلبہ کے تعلیمی مستقبل سے کھلواڑ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاست میں نیٹ کے پرچہ کا افشاء ہوا ہے جس کے بعد امتحان کو منسوخ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی تحقیقات کا اعلان اس سنگین معاملہ کو ٹالنے کی کوشش ہے۔ محمد فہیم نے کہا کہ سی بی آئی کے علاوہ دیگر تحقیقاتی ایجنسیوں کو خاطیوں کا پتہ چلانے کے لئے متحرک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی اے کے صدرنشین کو عہدہ سے فوری برطرف کیا جائے۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے پرچہ کے افشاء کے بارے میں آج تک کوئی وضاحت نہیں کی ہے ۔ انہیں اخلاقی طور پر عہدہ سے مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ محمد فہیم نے بتایا کہ 2016 ، 2021 ، 2024 اور 2026 میں چار مرتبہ امتحانی پرچہ جات کا افشاء ہوا ہے لیکن کسی بھی وزیر اور عہدیدار نے اخلاقی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ پرچہ جات کا افشاء بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں بہار ، راجستھان ، گجرات اور اترا کھنڈ میں ہوا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ من کی بات پروگرام میں نیٹ پرچہ کے افشاء پر اظہار خیال کریں۔ این ایس یو آئی نے مرکزی حکومت کے خلاف شعور بیداری مہم کا فیصلہ کیا جس کے تحت پوسٹرس جاری کئے گئے ۔1/k