نیپال میں موسمیاتی تبدیلی سے ووٹنگ کوخطرہ

   

کھٹمنڈو: نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے غیر متوقع موسم اور قدرتی آفات کی وجہ سے شہریوں کے ووٹنگ کے حقوق خطرے میں پڑسکتے ہیں۔ وزیراعظم نیپال انتخابات سے متعلق ایک کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی، نقل مکانی اور سوشل میڈیا کا عروج اور مصنوعی ذہانت کا کردار ہماری جمہوریتوں کیلئے اہم ہیں۔ اولی نے کہاکہ عدیم النظیر موسمی حالات اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے قدرتی آفات ہماری اس بات کو یقینی بنانے کی صلاحیت کو خطرے میں ڈالتی ہیں کہ ہر شہری اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکے۔ موسمیاتی تبدیلی صرف ایک ماحولیاتی مسئلہ نہیں ہے، یہ ہمارے معاشرے کے ہر پہلو کو متاثر کرتا ہے۔