نیپال میں ہندوستان سے واپس 11 مائیگرینٹ مزدور ہلاک

,

   

ورکرس کی بس ٹھہری ہوئی ٹرک سے ٹکرا گئی ، دیگر 22 زخمی

کھٹمنڈو ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی نیپال میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ہندوستان سے واپس ہونے والے 11 مزدور ہلاک اور دیگر 22 زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ کل رات نیپال کے بنکے ضلع میں پیش آیا جہاں مزدوروں کی بس سڑک کے کنارے ٹھہری ہوئی ٹرک سے ٹکرا گئی۔ بس میں تقریباً 30 مائگرینٹ ورکرس سوار تھے جو نیپال گنج کے راستے اپنے آبائی ضلع میں سلیان کے مقام واپس ہورہے تھے۔ ڈسٹرکٹ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ تیز رفتار بس ٹھہری ہوئی ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں 11 افراد ہلاک ہوگئے جن میں ڈرائیور بھی شامل ہے۔ نیپال پولیس، مسلح پولیس فورس، ٹریفک پولیس اور بنکے سلیانی سماج کے کارکنوں نے زخمیوں کو بچایا اور نیپال گنج کے بہیری ہاسپٹل میں رات 2 بجے شریک کیا گیا۔ بتایا گیا ہیکہ چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ بتایا گیا ہیکہ کوروناوائرس وباء کے باعث ہندوستان میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہ لوگ ہند۔ نیپال سرحد کے قریب میں پھنس گئے تھے۔ یہ لوگ ہندوستان کے مختلف شعبوں میں کام کررہے تھے۔ بیشتر مزدوروں کا تعلق مغربی نیپال سے بتایا گیا ہے۔ ہندوستان میں بھی مائیگرینٹ ورکرس کی اپنے آبائی مقامات کو منتقلی کے دوران کئی سڑک حادثات پیش آچکے ہیں جس میں سینکڑوں مزدور ہلاک ہوگئے۔