نیہا بورا کو بانڈ داخل کرنے کی ہدایت ‘ طلباء لیڈر عدالت سے رجوع

   

نئی دہلی 19 اکٹوبر ( ایجنسیز ) آل انڈیا اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن کی صدر نیہا بورا نے دہلی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے ۔ اس درخواست میں انہوں نے دہلی پولیس کی ایک نوٹس کو چیلنج کیا ہے جس میں پولیس نے انہیں تحقیقاتی مدت کے دوران امن برقرار رکھنے 10 ہزار روپئے کا ایک بانڈ اور ایک ضمانت داخل کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ دہلی پولیس نے ایک فلیگ مارچ میں شرکت کرنے پر نیہا بورا کو یہ نوٹس جاری کی تھی ۔ دہلی کے ایک ضلع پولیس عہدیدار نے ‘ جنہیں ایک اسپیشل ایگزیکیٹیو مجسٹریٹ مقرر کیا گیا ہے ‘ نیہا بورا کو ہدایت دی تھی کہ وہ پیر کو ان کے روبرو حاضر ہوں اور بانڈ داخل کریں۔ یہ ہدایت 17 اکٹوبر ہفتے کو جاری کی گئی تھی ۔ اسی دن انہیں رات بھر حراست میں رکھنے کے بعد رہا کیا گیا تھا ۔ اس نوٹس میں تین وجوہات بتاتے ہوئے ان سے بانڈ کی تکمیل کرنے کو کہا گیا تھا ۔ نیہا بورا نے تاہم دہلی ہائیکورٹ میں درخواست داخل کی ہے اور کہا کہ یہ نوٹس غیر درست اور دستور کے مغائر ہے ۔ یہ درخواست انہوں نے کیل ابھیک چمنی کے ذریعہ دائر کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس نے جو شبہات ظاہر کئے ہیں ان کے تعلق سے نوٹس میں کوئی مواد پیش نہیں کیا گیا ہے ۔ ہائیکورٹ کو 25 اکٹوبر تک تعطیلات ہیں تاہم نیہا بورا کی لیگل ٹیم نے کہا کہ وہ درخواست کی سماعت کیلئے کوشش کرے گی ۔