واشنگٹن : امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں دیوالی کا تہوار منانے کیلئے ایک استقبالیے کی میزبانی کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعطیل اس بات کی یاددہانی ہے کہ ہم میں سے ہر ایک کے پاس اندھیرے کو دور کرنے کی طاقت ہے۔ دیوالی کا تہوار اندھیرے پر روشنی کی فتح کی علامت ہے اور دنیا بھر میں خصوصاً ہندوستان میں ہندو، جین اور سکھ کمیونٹی یہ تہوار مناتی ہیں۔ پیر کو وائٹ ہاؤس میں دیوالی کی تقریب کے دوران بائیڈن نے مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ، ہم جانتے ہیں کہ تاریکی کا سایہ ہمیشہ منڈلاتا رہتا ہے جیسا کہ ہندو کمیونٹی نے اکثر تجربہ کیا ہے۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ دیوالی ایک یاد دہانی ہے کہ ہم میں سے ہر ایک کے پاس دنیا میں روشنی لانے کی طاقت ہے اور ہماری تاریخ اس امریکی آئیڈیل، کہ ہم سب کو ایک جیسا بنایا گیا ہے، اور اس تلخ حقیقت کے درمیان ایک مستقل جدوجہد پر محیط رہی ہے کہ نسل پرستی اور خوف نے ہمیں طویل عرصے سے الگ کر رکھا ہے۔ بائیڈن نے کہا، یہ ایک انتخاب ہے۔ ہم ہر روز یہ انتخاب کرتے ہیں۔ یہ ہماری زندگیوں اور اس قوم کی زندگی میں سچ ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایسٹ روم میں منعقدہ تقریب میں خاتون اول جل بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس بھی موجود تھیں۔