حیدرآباد ۔14۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے اسمبلی چناؤ سے قبل وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کی ناکام کوشش کے بعد وائی ایس شرمیلا آندھراپردیش میں کانگریس کے حق میں مہم چلانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جنوری میں وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کو کانگریس میں ضم کرتے ہوئے وائی ایس شرمیلا آندھراپردیش کے اسمبلی اور لوک سبھا چناؤ میں مہم چلائیں گی۔ کانگریس نے شرمیلا کو قومی سطح پر اہم عہدہ دینے سے اتفاق کرلیا ہے تاکہ وہ آندھراپردیش میں کانگریس کے اسٹار کیمپینر کی طرح مہم چلا سکیں۔ متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد آندھراپردیش میں کانگریس پارٹی کا عملاً صفایا ہوگیا اور کئی سرکردہ قائدین نے دیگر پارٹیوں کا رخ کرلیا ہے۔ کانگریس ہائی کمان تلنگانہ میں کامیابی کے بعد آندھراپردیش میں پارٹی کو مستحکم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ شرمیلا کی کانگریس میں شمولیت کے بعد چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو خود اپنی بہن کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شرمیلا نے تلنگانہ اسمبلی چناؤ میں کانگریس کی تائید کا اعلان کیا تھا۔ شرمیلا کو اے آئی سی سی میں جنرل سکریٹری کا عہدہ دیتے ہوئے کسی جنوبی ریاست کا انچارج مقرر کیا جاسکتا ہے۔ وشاکھاپٹنم اور وجئے واڑہ میں عام جلسوں کے ذریعہ وائی ایس شرمیلا اپنی طاقت اور مقبولیت کا مظاہرہ کرسکتی ہیں۔ وشاکھاپٹنم میں پرینکا گاندھی اور وجئے واڑہ میں راہول گاندھی کے ساتھ جلسہ عام کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ شرمیلا نے راجیہ سبھا نشست کی شرط رکھی ہے اور ہوسکتا ہے کہ انہیں کرناٹک سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب کیا جائے۔ر