وارانسی: اترپردیش کے ضلع وارانسی میں گنگا کے آبی سطح میں اضافے کے پیش نظر پولیس نے عوامی سیکورٹی کا حوالہ دے کر گنگا آرتی کو بڑے پیمانے پر منعقد نہ کرنے کی آرگنائزروں سے اپیل کی ہے ۔ وہیں آرگنائزروں نے اسے غیر ضروری مداخلت قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے اس دخل اندازی کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔وزیر اعظم کے پارلیمانی حلقے وارانسی میں گنگا آرتی کے سلسلے میں آرگنائزر اور پولیس کے مابین جاری ایک دوسرے پر الزامات کے دور کے درمیان وزیر اعلی یوگی بدھ کی شام وارانسی پہنچ رہے ہیں۔ امید کی جارہ ہے کہ گنگا آرتی کے آرگنائزر اس مسئلے کو وزیر اعلی کے سامنے اٹھائیں گے ۔اس مسئلے کا آغاز گذشتہ ہفتے گنگا کے آبی سطح میں اضافے کے بعد ہوا جب 23اگست کو وارانسی میں دشاشومیدھ علاقے کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر نے گنگا آرتی کے آرگنائزروں کو ایک نوٹس بھیجا۔