واشنگٹن میں کیمیکل ٹینک پھٹنے سے کئی افراد ہلاک،متعدد لاپتہ

   

واشنگٹن،27 مئی (یو این آئی) واشنگٹن میں کیمیکل ٹینک پھٹنے سے متعدد افراد ہلاک اور 10 افراد زخمی ہو گئے ، متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ روئٹرز کے مطابق حکام نے بتایا کہ امریکہ کی ریاست واشنگٹن میں نِپون ڈائناویو پیکیجنگ کی ایک فیکٹری میں منگل کے روز ایک کیمیکل ٹینک اندر کی جانب دباؤ سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دس زخمی ہو گئے ، جب کہ منگل کی رات تک مزید 9 افراد لاپتا تھے ۔ نِپون کمپنی اور کاؤلٹز کاؤنٹی شیرف ڈیپارٹمنٹ کے مشترکہ تحریری بیان کے مطابق ”وائٹ لِکر” نامی کیمیائی محلول سے بھرا ایک ٹینک صبح تقریباً 7:15 کے مقامی وقت کے مطابق پھٹا۔ یہ محلول سوڈیم ہائیڈرو آکسائیڈ اور سوڈیم سلفائیڈ پر مشتمل ہوتا ہے اور کاغذی گودا بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ ابتدا میں خیال کیا گیا تھا کہ ٹینک میں تقریباً 80 ہزار گیلن مواد موجود تھا، تاہم بعد میں حکام نے بتایا کہ اس میں تقریباً 9 لاکھ گیلن وائٹ لِکر موجود تھا، جب کہ اندازاً 90 ہزار گیلن مواد اب بھی تباہ شدہ ٹینک کے اندر موجود ہے ۔ لانگ ویو فائر ڈیپارٹمنٹ کے بٹالین چیف میٹ ایموس نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ٹینک اب بھی غیر مستحکم حالت میں ہے ، اس لیے امدادی اور بحالی کی کارروائیاں بدھ کے روز دوبارہ شروع کی جائیں گی۔ یہ مقام کاؤلٹز کاؤنٹی کے شہر لانگ ویو میں واقع ہے ، جو اوریگن کے شہر پورٹلینڈ سے تقریباً 45 میل (72 کلومیٹر) شمال میں ہے ۔