واقعہ معراج النبی ؐ ساری انسانیت کیلئے قابل ِ فخر معجزہ

   

معراج النبی کانفرنس پر اجلاس ، ڈاکٹر سید عبدالمعز حسینی قادری شرفی اور دیگر کے خطابات
حیدرآباد۔8/مارچ (راست) معراج مصطفی ؐ معجزات نبوی ؐمیں سے ایک عظیم الشان معجزہ ہے یوں تو اللہ نے اپنے حبیب محمد عربی ﷺ کو کئی ایک معجزات عطا کئے لیکن معجزہ معراج النبی ؐ ایک ایسا عظیم الشان معجزہ ہے جس کو سمجھنے سے ساری بنی نوع انسانی آج تک قاصر ہے ۔ رب تعالیٰ نے اپنے حبیب کو جس شان سے آسمانوں کی سیر کروائی اور اپنے دیدار سے سرفراز فرمایا اور اپنا قرب عطا فرمایا ‘ سارے عالم میں اس معجزہ کی مثال نہیں ملتی ۔ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی ہدایت کیلئے کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیا ء ے کرام کو مبعوث فرمایا اور ہر نبی کو اس دور کے لحاظ سے معجزات عطا فرمائے۔ لیکن اللہ نے اپنے حبیب کو سراپا معجزہ بناکر مبعوث فرمایا۔ دیگر نبیوں کو بھی معراج عطا فرمائی مگر جس شان کی معراج آپ ﷺکو عطا کی گئی کسی اور نبی ؐ کو عطا نہ ہوئی۔ یہ روحانی معراج کی بات نہیں بلکہ جسمانی معراج کی بات ہے جس کا ثبوت قرآن اور احادیث دونو ں موجود ہے۔ جسمانی معراج کا منکر گمراہ و بد دین ہے ۔ ان خیالات کا اظہار علامہ ڈاکٹر سید عبدالمعز حسینی قادری شرفی نے قادریہ اسلامک سنٹر ، دبیر پورہ میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد شدنی انٹرنیشنل معراج النبی ؐ کانفرنس کے ضمن میں منعقدہ اجلاس سے کیا ۔ مولانا نے مزید کہا کہ واقعہ معراج النبی ؐ صبح قیامت تک کیلئے ساری بنی نوع انسانی کیلئے قابل فخر معجزہ ہے اور عبدیت کی معراج کی فقید المثال کرامت ہے جسکے ذریعہ ساری انسانیت کیلئے اصلاحی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے ۔ مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی) نے کہا کہ معجزہ معراج النبیؐ ساری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے ، یہ وہ عظیم معجزہ ہے جس میں حبیب کبریا ﷺ رب تعالیٰ کے حضور مہمان بن کر تشریف لے گئے ۔ جہاں پر آپ کو رب تعالیٰ نے قیامت تک کے ہونے والے تمام معاملات سے آگاہ فرمادیا ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ کمیٹی اپنی کامیاب خدمات کے 25سال تکمیل کرچکی ہے کمیٹی مسلسل 24سالوں سے قرآن کے آفاقی پیغام کو اُمت محمدیہ تک پہونچانے کی خدمات میں لگی ہوئی ہے ۔ کمیٹی کی سلور جوبلی کے موقع پر انٹر نیشنل معراج کانفرنس 22/ مارچ بروز اتوار ، بعد نمازِ عشاء ، چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ ، نزد دبیر پورہ بریج عمل میں آئے گا ۔ اسی ضمن میں ایک استقبالیہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جن میں صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی ( ایڈوکیٹ)، نائب صدور استقبالیہ جناب حکیم ایم ساجد قادری ملتانی ، جناب محمد عبدالنجیب ، جناب الحاج خواجـہ صدر الدین احمد قادری ، محمد عظیم برکاتی ( ایڈوکیٹ)، معتمد استقبالیہ : قادر خان قادری ، سید لئیق قادری ، نائب معتمد استقبالیہ : محمد عبدالکریم رضوی ، سید طاہر حسین قادری ، اراکین استقبالیہ : ڈاکٹر مجیب شاہد ، محمد احسن شریف ، ڈاکٹر غوث ، سید طاہر علی قادری ، ڈاکٹر عظمت رسول ، سید محمد کبیر چشتی ، محمد مشتاق ہاشمی ، محمد عمران خان رضوی ، محمد حنیف پٹیل ثاقبی ، زبیر ثاقبی ، سید عاطف وارثی ، محمد حنیف رضوی ، محمد آصف قادری ہونگے ۔ کانفرنس میں عالم اسلام کے عظیم اسلامک اسکالر س کے ساوتھ آفریقہ ، کچھوچھ شریف ، نیپال سے شرکت متوقع ہے ۔