وبائی مرض کورونا وائرس کے محاصرہ میں صحافیوں کی خدمات مثالی

   

دیڑھ ماہ سے زائد عرصہ سے انسانی زندگی مفلوج، صحافیوں میں راشن تقسیم ، محمد فرید الدین کا خطاب

ظہیرآباد۔/8 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ نے یہاں شٹکار فنکشن ہال میں پرنٹ و الکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو راشن کٹس کی تقسیم کے ضمن میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جان لیوا وبائی مرض کورونا وائرس کے محاصر ہ میں صحافیوں کی خدمات بھی مثالی ہیں۔ اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر صحافتی خدمات انجام دینا یقینا جوکھم بھرا کام ہے جس کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے۔ انہوں نے یاددلایا کہ گزشتہ دیڑھ ماہ سے زـائد عرصہ سے ملک میں لاک ڈاؤن کا سلسلہ چل رہا ہے، انسانی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ ریاستی حکومت بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے مثالی اقدامات کررہی ہے۔ ان حالات کے تناظر میں صحافیوں کی خدمات بھی ناقابل فراموش قرار پاتی ہیں۔ رکن قانون ساز کونسل محمد فرید الدین نے بھی خطاب کرتے ہوئے دو ٹوک کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران مصائب کو جھیلتے ہوئے صحافتی خدمات انجام دینا یقینا جرأتمندانہ اقدام ہے جس طرح پولیس، صحت عامہ ، ریونیو اوربلدی عہدیداروں کے علاوہ دیگر محکمہ جات کا بھی اسٹاف خدمات انجام دے رہا ۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ زون کے علاقوں میں جاکر وہاں کے حالات کو حکومت تک پہنچانے کا کام بھی ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے صحافیوں کیلئے راشن کٹس کی فراہمی پر تحصیل آفس کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آر ڈی او رمیش بابو ، ڈپٹی تحصیلدار کرن کمار، ڈی سی ایم ایس چیرمین ایم شیو کمار، سی ڈی سی چیرمین اورما کانت پاٹل، سابق صدر ظہیرآباد منڈل پرجا پریشد جی وجئے کمار اور دیگر کے بشمول پرنٹ و الکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔