نئی دہلی، 17 جولائی (آئی اے این ایس) فیفا ورلڈکپ2026 کے فاتح کھلاڑیوں کو جب جرسی اسٹیڈیم میں عالمی چمپئن قرار دیا جائے گا تو انہیں روایتی ورلڈکپ ٹرافی اور باوقار گولڈ میڈلس کے ساتھ تاریخ میں پہلی مرتبہ خصوصی چمپئن شپ انگوٹھیاں بھی پیش کی جائیں گی۔ فیفا نے ایک بیان میں کہا کہ ٹورنمنٹ کے فاتحین کے لیے خصوصی طور پر تیارکی گئی یہ چمپئن شپ انگوٹھیاں امریکی کھیلوں کی ایک مشہور روایت کو پہلی بار عالمی فٹ بال کا حصہ بنائیں گی۔ ہر انگوٹھی کے ایک جانب فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی نقش نگاری ہوگی، جبکہ دوسری جانب فاتح ٹیم کی شناخت اورکامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی ڈیزائن تیارکیا جائے گا۔ ہر رنگ پر منفرد نمبر درج ہوگا، اسے متعلقہ کھلاڑی کے ہاتھ کے مطابق تیارکیا جائے گا اور اس کے ساتھ تصدیقی سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا۔ فائنل کے فوراً بعد فاتح ٹیم کے کپتان اور ہیڈکوچ کو اس تاریخی کامیابی کی یادگارکے طور پر عارضی انگوٹھیاں دی جائیں گی۔ اس کے بعد فاتح ٹیم کے لیے تیار کی جانے والی 30 اصل انگوٹھیاں ہر کھلاڑی کی پیمائش کے مطابق خصوصی طور پر تیارکی جائیں گی اور بعد میں ایک الگ تقریب میں انہیں پیش کیا جائے گا، تاکہ یہ یادگارکامیابی زندگی بھر ان کے ساتھ رہے۔ ہر انگوٹھی محدود ایڈیشن میں تیار کی جائے گی، جو ورلڈ کپ 2026 کی مناسبت سے ایک خصوصی خراجِ تحسین ہوگا۔ ان میں سے 30 انگوٹھیاں فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو دی جائیں گی، جبکہ باقی 1,996 انگوٹھیاں دنیا بھر کے شائقین کے لیے فیفا کی سرکاری لائسنس یافتہ یادگاری مصنوعات کے طور پر فروخت کی جائیں گی، تاکہ مداح بھی ورلڈکپ 2026 کی ایک منفرد یادگار اپنے پاس محفوظ رکھ سکیں۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا 104واں اور آخری میچ یورپی چمپئن اسپین اور ورلڈ کپ کی دفاعی عالمی و جنوبی امریکی چمپئن ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسپین نے سیمی فائنل میں مضبوط حریف فرانس کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ ارجنٹینا نے مسلسل دوسری مرتبہ اور مجموعی طور پر ساتویں بار ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ دفاعی چمپئن ارجنٹینا نے اپنے مہم کا آغاز گروپ مرحلے میں مسلسل تین فتوحات سے کیا تھا۔ ٹیم کی قیادت سوپر اسٹار لیونل میسی کررہے ہیں، جنہوں نے رواں ٹورنمنٹ میں اب تک آٹھ گول کیے ہیں، جبکہ ورلڈکپ کی مجموعی تاریخ میں ان کے گولس کی تعداد 21 ہو چکی ہے۔