ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ پاک، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا

   

لندن، 23 جولائی (آئی اے این ایس) انگلینڈ اینڈ ویلزکرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے 2027کے لیے انگلینڈ کے گھریلو بین الاقوامی مقابلوں کا اعلان کردیا ہے۔ انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم مختلف فارمیٹس میں پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گی، جبکہ خواتین کی ٹیم موسم گرما کا اختتام بنگلہ دیش کے خلاف وائٹ بال سیریز سے کرے گی۔ انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم اپنی ہوم مہم کا آغاز پاکستان کے خلاف 5 میچوں کی ونڈے سیریز سے کرے گی، جس کا پہلا میچ 15 مئی کو یوٹیلیٹا باؤل میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں اولڈ ٹریفورڈ، ہیڈنگلے، ڈرہم اور صوفیاگارڈنز کا رخ کریں گی، جس کے بعد انگلینڈ کی توجہ ٹسٹ کرکٹ کی جانب منتقل ہو جائے گی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 28 مئی کو لارڈز میں ایک ٹسٹ میچ کھیلے گی۔ یہ 2010 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا جب دونوں ٹیمیں انگلینڈ میں ایک دوسرے کے خلاف ٹسٹ میچ کھیلیں گی۔ موسم گرما کے آخری مرحلے میں انگلینڈ کی ٹیم 2027 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کرے گی۔ اس سلسلے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ستمبر میں وائٹ بال سیریزکے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 5 ونڈے انٹرنیشنل میچ شامل ہوں گے۔ 3 ٹی ٹوئنٹی میچ ڈرہم، اولڈ ٹریفورڈ اور صوفیا گارڈنز میں کھیلے جائیں گے، جبکہ 5 ونڈے میچ ایجبسٹن، لارڈز، برسٹل، ٹرینٹ برج اور ہیڈنگلے میں ہوں گے۔ انگلینڈ کی خواتین کی ٹیم بھی ستمبر میں بنگلہ دیش کی میزبانی کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریزکے بعد 3 میچوں کی ونڈے سیریز کھیلی جائے گی۔ ٹی ٹوئنٹی میچ نارتھمپٹن، ٹانٹن اور ووسٹر میں ہوں گے، جبکہ ونڈے مقابلے ہوو،کینٹربری اور چیلمسفورڈ میں کھیلے جائیں گے۔ ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ نے انگلینڈ میں بنگلہ دیش کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کی میزبانی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2027 ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کا دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔ انہوں نے جمعرات کو ای سی بی کے ایک بیان میں کہا ہم بنگلہ دیش کی مردوں کی ٹیم کا لارڈز میں ایک ٹسٹ میچ کے لیے خیرمقدم کرنے کے لیے بھی پرجوش ہیں۔ 2010 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب ہم انگلینڈ میں ان کے خلاف ٹسٹ کھیلیں گے۔ اس کے ساتھ ہم بنگلہ دیش کی خواتین کی ٹیم کی بھی وائٹ بال سیریز میں میزبانی کریں گے۔ نیوزی لینڈ کی مردوں کی ٹیم کا وائٹ بال سیریز کے لیے دورہ2027 کے آئی سی سی مینز ورلڈکپ سے قبل ہماری مردوں کی ٹیم کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم کو 50 اوورز اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا متوازن امتزاج ملے گا، جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹسٹ میچ طویل کرکٹ کا موقع ہوگا۔