جنیوا، یکم؍ اگست (ایجنسیز) صدر فیفا دنیائے فٹ بال کے گوشے گوشے سے مزاحمت کے تناظر میں ورلڈ کپ کے انعقاد سے حاصل ہونے والے پرافٹس کو خانگی اداروں کو بطور حصص فروخت کردینے کے اپنے منصوبے کو ترک کررہے ہیں، کیوں کہ اس سے انتشار پیدا ہورہا تھا۔ جیانی انفانتینو کا یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب ان کے سینئر صلاح کار، جو وائٹ ہاؤس کے پیانل میں شامل تھے، مستعفی ہو گئے اور ایشیا کی فٹ بال باڈی مجوزہ منصوبے کی مخالفت میں یورپ اور شمالی امریکا کے ساتھ شامل ہوگئی۔ تمام آراء پر غور کرنے کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ اس منصوبے نے ایسی نوعیت کا انتشار پیدا کر دیا ہے جو مجوزہ منصوبے کی حمایت کو ملنے والی سطح سے قطع نظر، پہلے سے طے شدہ مقصد کے مفاد میں نہیں ہے۔ انفانتینو نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا : ’’ہمارا مقصد ہمیشہ سے رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا کہ کسی بھی تجویز پر اتحاد اور اتفاق سے آگے بڑھتے ہوئے عمل درآمد کیا جائے۔‘‘ انفانتینو نے کشنر فیملی سمیت خانگی سرمایہ کاروں کے ساتھ ورلڈ کپ کیلئے 20 بلین امریکی ڈالر کی کمپنی بنانے کی تجویز پیش کی تھی، لیکن منگل 28 جولائی کو اعلان کے بعد سے ہر روز مخالفت بڑھتی رہی تھی۔ UEFA کے 55 رکن ممالک نے جمعرات کو انفانتینو کے منصوبے پر ورلڈ کپ اور فیفا کے دیگر تمام مقابلوں کا بائیکاٹ کرنے پر اتفاق کیا۔ شمالی امریکا کے گروپ CONCACAF اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن نے بھی کہا کہ وہ اس منصوبے کی مخالفت کرتے ہیں۔ یو ای ایف اے نے اپنے بیان میں کہا کہ کچھ چیزیں بیچنے کے لیے بہت اہم ہوتی ہیں۔ فیفا ورلڈ کپ فٹ بال سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ ہمیشہ رہے گا۔ اور جب تک یورپ کی آواز ہے، یہ کبھی فروخت نہیں ہو گا۔