ورنگل میں خوفناک سڑک حادثہ، 5 افراد ہلاک

   

ورنگل۔ تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں پیش آئے سڑک حادثہ میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے بموجب چہارشنبہ کی صبح ضلع کے دامیرا منڈل کی پاسارا گونڈا کراس روڈ پر ایک کار مخالف سمت سے آنے والی ریت کی لاری سے ٹکرا گئی جو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کررہی تھی۔ اس حادثہ میں 5 افراد ہلاک ہوگئے جن کی عمریں 22 اور 26 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں جن کی شناخت ایم پراوین، ایم راکیش، ایم پون ، روہت اور رحیم کی حیثیت سے کی گئی ہے جن کا تعلق ورنگل سے بتایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق منگل کو انہوں نے پون کی سالگرہ تقریب منائی اور اس موقع پر شراب پی رکھی تھی۔ان میں سے ایک کار چلا رہا تھا جس نے ایک اور کار کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی اور مخالف سمت سے آنے والی ریت کی لاری سے اس کا تصادم ہوگیا۔دامیرا پولیس نے جائے حادثہ پہنچ کر حادثہ کا شکار کار سے نعشوں کو نکالا اور پوسٹ مارٹم کیلئے ایم جی ایم ہاسپٹل منتقل کیا۔ پرکال کے اے سی پی سرینواس نے بھی جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس حادثہ کے بعد لاری ڈرائیور موقع واردات سے فرار ہوگیا۔