ورنگل ۔ 26ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حج کمیٹی آف انڈیا وریاستی تلنگانہ حج کمیٹی کی ہدایت پر عازمین حج کیلئے ایک ہیلت فٹنس پروگرام انڈین میڈیکل ہال روبرو ایم جی ایم ہاسپٹل ورنگل میں بصدارت سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ و چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی منعقد ہوا جس میں بطور مہمانان خصوصی ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او مدن موہن ، ڈاکٹر کے رام کمار ریڈی سپرنٹنڈنٹ ایم جی ایم ہاسپٹل ورنگل ، مفتی محمد ذکریا اسلامک اسکالر ، ڈاکٹر اپسیّا ، ڈاکٹر انیس احمد صدیقی ، ڈاکٹر روبینہ و دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خسرو پاشاہ چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے کہاکہ بعض لوگوں کو اندرونی بیماریاں رہتی ہیں لیکن اسکا پتہ نہیں رہتا اس لئے پہلے سے ہی ہیلتھ چیک اپ کروانا ضروری ہے۔ اور کچھ خرابی رہی تو پہلے سے ہی اس کا علاج کروالیں ابھی بھی وقت ہے ۔ دو مرتبہ جانچ اس لئے کی جارہی ہے کہ دوران حج کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہ آئے ۔ اس موقع پر انجمن حج کمیٹی ورنگل صدر ڈاکٹر انیس صدیقی نے خطبۂ استقبالیہ میں کہاکہ حج کی اہمیت اور مناسک حج کی ادائیگی ایک رسم کی حیثیت نہ مانتے ہوئے اپنے گناہوں پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے حرم شریف میں حاضری دیکر اپنی معافی کی درخواست کرتے ہوئے حج مقبول کی سعادت حاصل کریں۔ اس موقع پر مفتی محمد ذکریا ، ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او مدن موہن ، ڈاکٹر اے رحمن انچارج میڈیکل فٹنس کیمپ ، ڈاکٹر روبینہ ، مسٹر گیانیشور ، سرور محی الدین غازی صدر حج کمیٹی ورنگل موجود تھے۔ ایم اے نعیم کنوینر پروگرام نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ اس موقع پر سابق کارپوریٹر محمد ابوبکر ایڈوکیٹ و عازمین حج کی کثیرتعداد موجود تھی ۔