ورنگل میں عظیم الشان جلسۂ سیرتِ محسنِ انسانیتؐ

   

ہنمکنڈہ ۔ 9ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جمعیت علماء ضلع ورنگل کے زیرِ اہتمام ’’سیرتِ محسنِ انسانیت‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان جلسہ عام آبنوس فنکشن ہال، ایل بی نگر، ورنگل میں منعقد ہوا۔ جلسہ میں علماء کرام، ائمہ مساجد، ذمہ دارانِ جمعیت، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے سیرتِ طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اُمتِ مسلمہ کو تعلیماتِ نبویؐ پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ حضرت مولانا محمد یوسف زاہد مظاہری سرپرست جمعیت علماء ضلع ورنگل کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوا، جبکہ حضرت مولانا محمد عتیق الرحمن اسعدی کی خصوصی حمایت حاصل رہی۔ جلسہ کی قیادت جمعیت علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا مفتی محمد محمود زبیر قاسمی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض جمعیت علماء ضلع ورنگل کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد منور حسین قاسمی نے بحسن و خوبی انجام دیئے۔جلسہ کے مہمانِ خصوصی مرکزی جنرل سکریٹری جمعیت علماء ہند حضرت مولانا مفتی سید معصوم ثاقب قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ رسول اللہ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی پوری حیاتِ مبارکہ انسانیت کے لیے رحمت، محبت، عدل، اخوت اور حسنِ سلوک کا عملی نمونہ ہے۔ آپؐ نے انسانوں کو رنگ، نسل، زبان اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کے بجائے عدل و انصاف، انسانی ہمدردی اور باہمی احترام کا درس دیا۔