سائبر مجرموں سے 1.30 کروڑ ضبط، کمشنر امبرکشور جھا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاست میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تنقید کے درمیان ورنگل کمشنریٹ نے جرائم کی مجموعی شرح میں 3.21 فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے ۔ ہفتہ کو سالانہ جرائم رپورٹ پیش کرتے ہوئے ورنگل کمشنر آف پولیس امبر کشورجھا نے کہا کہ 2024 میں کمشنریٹ کی حدود میں کل 14.406 مقدمات درج کئے گئے جب کہ 2023 میں یہ تعداد 14,731 تھی ۔ کمشنریٹ میں موجودہ سال کے دوران ہونے والے مختلف جرائم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 2024 میں قتل کے واقعات میں 16.67 فیصد کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جائیداد کے جرائم میں 2.23 فیصد کمی آئی ہے ۔ اس طرح خواتین کے جرائم کے واقعات میں 11 فیصد ، دھوکہ دہی معاملات میں 16 فیصد اور اغواء کے واقعات میں 7.45 فیصد کمی آئی ۔ سڑک حادثات کی وجہ سے ہونے والی اموات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 12.30 فیصد کمی آئی ہے ۔ کمشنر نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے عصمت دری کے واقعات میں 46 فیصد چھیڑ چھاڑ کے واقعات میں 38 فیصد اور خواتین کے خلاف ہراسانی کے واقعات میں 34 فیصد کم ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران عدالتوں کے ذریعہ کل 5862 مقدمات کو نمٹایا گیا جن میں سے 2462 مقدمات میں سزا پر ختم ہوئے ۔ ورنگل کمشنریٹ پولیس نے 18 بین ریاستی گیانگ ممبران کو گرفتار کیا اور 11.81 کروڑ روپئے کی چوری کی املاک کو پولیس نے ضبط کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال کے دوران جرائم سے متعلق 772 مقدمات درج کئے گئے اور تقریبا سائبر مجرموں سے 1.30 کروڑ روپئے کی رقم برآمد کی گئی ۔ اس کے علاوہ پولیس نے 2.63 کروڑ روپئے مالیتی چرس ضبط کیا اور 321 افراد کے خلاف 147 مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں کمشنریٹ کے تحت مختلف پولیس اسٹیشنوں میں تقریبا 1270 لاپتہ کیس ہوئے جن میں سے 1128 کا سراغ لگایا گیا اور کوششیں کی جارہی ہیں کہ باقی 142 افراد کا بھی سراغ لگالیا جائے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ وہ آئندہ سال جرائم پر مزید قابو پاتے ہوئے جرائم شرح میں مزید کمی لائی جائے گی ۔۔ ش