مہنگائی کے لحاظ سے تنخواہوں کا تعین، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کا اعلان
حیدرآباد ۔11۔ مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کانگریس حکومت مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے ورکرس کی بھلائی کے حق میں سنجیدہ ہے ۔ حکومت غیر منظم ورکرس کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے قانون سازی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے ورکرس کیلئے اقل ترین تنخواہوں پر نظرثانی کے سلسلہ میں کابینی سب کمیٹی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو ، رکن راجیہ سبھا وی نریندر ریڈی ، لیبر کمشنر داسری ہری چندنا ، سکریٹری فینانس گورو اپل اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ حکومت ورکرس کی تنخواہوں پر نظرثانی کو سائنٹفک اور پریٹیکل انداز میں طئے کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ سب کمیٹی کے اجلاس میں بڑی ریاستوں میں اقل ترین تنخواہوں سے متعلق پالیسی کا جائزہ لیا گیا۔ ارکان نے نئے لیبر قوانین کے تلنگانہ پر اثرات کا بھی جائزہ لیا۔ مرکزی حکومت نے حال ہی میں نئے لیبر قانون کو نافذ کیا ہے۔ کابینی سب کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ورکرس کی تنخواہیں ان کی زندگی میں حقیقی تبدیلی کے مماثل ہونی چاہئے ۔ قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کو دیکھتے ہوئے تنخواہوں کا تعین کیا جائے گا ۔ کابینی سب کمیٹی نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی بیسٹ ویج پالیسی طئے کرے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت ورکرس کی بھلائی اور ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ تمام شعبہ جات سے تجاویز اور رائے حاصل کرنے کے بعد اقل ترین تنخواہوں پر نظرثانی کی جائے گی اور تنخواہیں ورکرس کیلئے حقیقی معنوں میں فائدہ مند ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ منظم اور غیر منظم شعبہ جات کے لاکھوں ورکرس کو فائدہ ہوگا۔1/k